تحریک حریت کی طرف سے پارٹی رہنماء کی مسلسل غیرقانونی نظربندی کی شدید مذمت

بدھ 6 جون 2018 12:08

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںتحریک حریت جموں وکشمیر نے پارٹی رہنماء محمد رفیق اویسی کی مسلسل گرفتاری پرشدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے ان کی رہائی میں مسلسل رکاوٹیں ڈال رہی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ محمد رفیق اویسی کو 15دن قبل پولیس نے گاندربل میں انکے گھر سے گرفتار کیا تھااور اس کے بعد ان پر کالاقانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرکے انہیں جموں کی کوٹ بھلوال جیل منتقل کردیا گیا۔

انہوںنے کہاکہ اس کے بعد عدالت نے ان کی کالے قانون کے تحت نظربندی کالعدم قررادیتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیا تھا تاہم پولیس نے انہیں رہا کرنے کے بجائے ایک اور جھوٹے مقدمے میں ملوث کر کے دوبارہ گاندربل پولیس اسٹیشن میںنظربندکردیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ عدالت کی طرف سے رفیق کو ضمانت پر رہاکرنے کے حکم کے بعد پولیس نے دوبارہ انکا ریمانڈ حاصل کر کے سرینگر سینٹرل جیل منتقل کردیا جہاں وہ مسلسل نظربند ہیں ۔ ترجمان نے پولیس کی طرف سے رفیق اویسی کومسلسل حبس بے جا میں رکھنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ رہائی کے عدالتی احکامات کے باوجود رفیق اویسی کی مسلسل غیرقانونی نظربندی قابل مذمت ہے ۔انہوںنے عیدسے قبل تمام کشمیری نظربندوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔