لیبیا کے وزیراعظم کی خادم الحرمین الشریفین سے ملاقات،خطے کی صورتحال پر گفتگو

لیبیا کی تعمیر وترقی اور عوامی فلاح وبہبود کے لیے کوششیںجاری رکھیں گے،سعودی قیادت کی لیبی وزیراعظم کو یقین دھانی

بدھ 6 جون 2018 12:40

طرابلس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2018ء) لیبیا میں قومی اتحاد کی حکومت کے سربراہ فائز السراج نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق دونوں رہ نماؤں کے درمیان یہ ملاقات گذشتہ روز نماز مغرب سے قبل مکہ معظمہ میں الصفا شاہی محل میں ہوئی۔ ملاقات کے موقع پر سعودی حکومت اور لیبی وزیراعظم کے ساتھ آئی اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں تمام مہمانوں نے شاہ سلمان کے ساتھ روزہ افطار کیا۔ قبل ازیں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور لیبیائی وزیراعظم کے درمیان جدہ میں ملاقات ہوئی۔فائز السراج کی سعودی قیادت کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں دوطرفہ امور، ریاض اور طرابلس کے درمیان تعلقات فروغ اور لیبیا میں امن واستحکام پر بات چیت کی گئی۔ سعودی قیادت نے لیبی وزیراعظم کو یقین دلایا کہ ان کا ملک لیبیا کی تعمیر وترقی اور عوام کی فلاح وبہبود کے لیے ہرممکن مساعی جاری رکھے گا۔