جرمن صوبے کا مہاجرین کو وفاق پر انحصار کی بجائے خودملک بدرکرنے کا اعلان

تارکین وطن کی پناہ کی درخواستوں پر فیصلے کے لیے سات رجسٹریشن مرکز بھی قائم کیے جارہے ہیں،وزیراعلیٰ

بدھ 6 جون 2018 12:40

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2018ء) جرمن صوبے باویریا کی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ پناہ کے مسترد درخواست گزاروں کی ملک بدری کے لیے جرمنی پر انحصار کرنے کی بجائے صوبائی سطح پر ہی خصوصی چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے تارکین وطن کو ملک بدر کرے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق وفاقی جرمن ریاست میں جرمن چانسلر میرکل کی قدامت پسند اتحادی جماعت کرسچن سوشل یونین (سی ایس یو) برسر اقتدار ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی سطح پر ملک بدری کی خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان ایسے وقت کیا گیا ہے جب کہ رواں برس موسم خزاں میں صوبائی انتخابات ہونا ہیں۔باویریا کے وزیر اعلیٰ مارکوٴْس زوئڈر کا کہنا تھا کہ خصوصی پروازوں کا منصوبہ ان متعدد اقدامات کا صرف ایک حصہ ہے جن کی مدد سے اس برس اگست سے پہلے پہلے ریاست سے پناہ کے مسترد درخواست گزاروں کی ملک بدریوں کا عمل تیز کیا جانا ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے زوئڈر نے یہ بھی بتایا کہ صوبے میں پناہ گزینوں کی رجسٹریشن کے لیے سات ایسے بڑے مراکز بھی تیار کیے جا رہے ہیں جہاں تارکین وطن کو ان کی پناہ کی درخواستوں پر فیصلہ کیے جانے تک قیام کرنا ہو گا۔