بھارتی نکیش اروڑہ ماہانہ 6.7کروڑ تنخواہ لینے والے پہلے سی ای اوبن گئے

ٹیکنالوجی کمپنی پالو آلٹو نیٹ ورک میں نکیش اروڑہ کی سالانہ تنخواہ آٹھ ارب 57کروڑروپے ہوگی،بھارتی ٹی وی

بدھ 6 جون 2018 13:36

بھارتی نکیش اروڑہ ماہانہ 6.7کروڑ تنخواہ لینے والے پہلے سی ای اوبن گئے
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2018ء) بھارت سے تعلق رکھنے والے نکیش اروڑہ ٹیکنالوجی کی دنیا میں سب سے زیادہ تنخواہ پانے والے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) بن گئے ۔اب وہ پالو آلٹو نیٹ ورک کے نئے سی ای او بنے ہیں اور ان کی تنخواہ سالانہ 12.8 کروڑ ڈالر تقریباً 857 کروڑ انڈین روپے ہوگی۔پالو آلٹو سائبر سکیورٹی کمپنی ہے۔

ٹیکنالوجی سیکٹر میں نکیش اروڑہ کا طویل کیریئر رہا ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق نکیش کی تنخواہ 6.7 کروڑ روپے ہوگی اور اتنا ہی انھیں بونس ملے گا۔ اس کے ساتھ ہی انھیں 268 کروڑ روپے کے شیئر ملیں گے جنھیں وہ سات سال تک فروخت نہیں کر پائیں گے۔اگر نکیش، پالو آلٹو کے شیئر کی قیمت سات سالوں کے اندر 300 فیصد بڑھانے میں کامیاب رہیں گے تو انھیں 442 کروڑ روپے اور ملیں گے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ہی نکیش اپنے پیسے سے پالو آلٹو نیٹ ورک کے 134 کروڑ روپے کے شیئر خرید سکتے ہیں اور اتنی ہی قیمت کے شیئر انھیں اور دیے جائیں گے جس سے وہ سات سالوں تک بیچ نہیں پائیں گے۔سیلیکون ویلی میں واقع اس کمپنی کے شیئر میں ادھر گراوٹ آئی ہے۔ حالانکہ یہ گراوٹ امکانات کے بالکل الٹ ہے۔کمپنی کے منافعے میں گذشتہ سال کے مقابلے میں اس سہ ماہی 29 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

کمپنی کا یہ منافع قیاس سے بھی بہتر ہے۔نکیش اروڑہ نے مارک مک کوکلن کی جگہ لی ہے۔ مارک 2011 سے لے کر اس ہفتے تک پالو آلٹو کے سی ای او تھے۔ مارک کمپنی میں بورڈ کے وائس چیئرمین رہیں گے جبکہ نکیش اروڑہ بورڈ کے چیئرمین بھی ہوں گے۔کئی لوگوں کے لیے یہ فیصلہ حیران کن ہے۔ کریڈٹ سوئس کے تجزیہ کار بریڈ زیلنک انہی لوگوں میں سے ایک ہیں۔ بریڈ? نے فنائنشل ٹائمز کو بتایا کہ نکیش اروڑہ کے پاس سائبر سکیورٹی کا تجربہ نہیں ہے۔

یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ نکیش اروڑہ کے پاس کلاؤڈ اور ڈیٹا ڈیلنگ کا وسیع تجربہ ہے اور سائبر سکیورٹی ڈیٹا اینالسٹس کے مسئلے میں بری طرح جکڑی ہوئی ہے۔نکیش سے پہلے ایپل کے سی ای او ٹم کک ٹیکنالوجی کی دنیا میں سب سے زیادہ تنخواہ حاصل کرنے والے سی ای او تھے۔ ان کی سالانہ تنخواہ 11.9 کروڑ ڈالر تھی۔ 2014 میں جب نکیش نے گوگل کو چھوڑا تھا تب وہ پانچ کروڑ ڈالر کی سالانہ تنخواہ پر کام کر رہے تھے۔ اس کے بعد نکیش نے سوفٹ بینک جوائن کیا تھا اور یہاں انھوں نے 48.3 کروڑ ڈالر کے شیئر خریدے تھے۔ نکیش یہاں جون 2016 تک رہے تھے۔