Live Updates

چودھری نثار کے حلقے کی عوام نے بغاوت کر دی

مسلم لیگ ن نے جو بھی اُمیدوار کھڑا کیا ، ووٹ اُسی کو دیں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 6 جون 2018 13:06

چودھری نثار کے حلقے کی عوام نے بغاوت کر دی
ٹیکسلا (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 جون 2018ء) : عام انتخابات 2018ء کی آمد آمد ہے اور سیاسی جماعتیں اپنے اپنے اُمیدواروں کو ٹکٹس جاری کرنے اور ہر حلقے میں تگڑا اُمیدوار کھڑا کرنے پر زور رہی ہیں، مسلم لیگ ن اور چودھری نثار علی خان کے مابین چھڑی ہوئی لفاظی جنگ کسی سے چھُپی ہوئی نہیں ہے۔ چودھری نثار علی خان کے حلقے میں ان کی اور ان کی جماعت کی مقبولیت کا اندازہ لگانے کے لیے ایک نجی ٹی وی چینل نے سروے کیا جس میں انہوں نے مقامی لوگوں سے دریافت کیا کہ وہ چودھری نثار علی خان کے حامی ہیں یا مسلم لیگ ن کے جس پر ایک خاتون نے جواب دیا کہ میں مسلم لیگ ن کو ہی ووٹ دوں گی ۔

مقامی خاتون کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کو ووٹ دینے کی وجہ یہ ہے کہ جب بھی مسلم لیگ ن حکومت میں آتی ہے تو ملک میں کچھ اچھا ہوتا ہے ، ایسا لگتا ہے کہ جیسے پاکستان کا کوئی وارث ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر چودھری نثار کو مسلم لیگ ن کا ٹکٹ نہیں ملا تو مسلم لیگ ن جو بھی اُمیدوار کھڑا کرے گی، میرا ووٹ اُسی کا ہو گا۔ واضح رہے کہ عام انتخابات کا وقت قریب آتے ہی پی ٹی آئی کی سیاسی فتوحات میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے اور دوسری جانب پی ٹی آئی کی سیاسی حریف اپنے انتخابی اُمیدواروں نے ہاتھ دھوتے جا رہے ہیں۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان مسلم لیگ ن کی قیادت اور ان کے نئے بیانیے سے غیر متفق نظر آتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ سیاسی حلقوں میں خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر چودھری نثار علی خان پارٹی چھوڑ کر کسی اور جماعت میں شامل ہو جائیں گے، چودھری نثار علی خان کی جانب سے پارٹی قیادت اور نواز شریف پر تنقید ایک طرف لیکن انہوں نے پارٹی چھوڑنے کی خبروں کی بارہا تردید کی ۔

اپنے ایک بیان میں وہ صاف کہہ چکے ہیں کہ میں پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواست بھی نہیں کروں گا۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق چودھری نثار علی خان آئندہ الیکشن میں آزادانہ حیثیت میں ہی الیکشن لڑتے نظر آ رہے ہیں ۔ لیکن آج ہی مسلم لیگ ن نے چودھری نثار علی خان کو قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق مسلم لیگ ن چودھری نثار جیسے اُمیدوار کو کھونا نہیں چاہتی ، یہی وجہ ہے کہ چودھری نثار علی خان کو ٹکٹ کے لیے درخواست نہ دینے کے باوجود دو نشستوں پر ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چودھری نثار کے حلقے میں مقامی خاتون کی گفتگو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات