نئے سفیر علی جہانگیر صدیقی نے امریکا میں پاکستانی کمیونٹی سے تعاون مانگ لیا

پاک امریکا تعلقات میں بڑی بہتری کی گنجائش ہے ،ْ پاکستانی برادری کو لکھے گئے خط کا متن

بدھ 6 جون 2018 14:14

نئے سفیر علی جہانگیر صدیقی نے امریکا میں پاکستانی کمیونٹی سے تعاون ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2018ء) امریکا میں پاکستان کے نئے سفیر علی جہانگیر صدیقی نے دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات مضبوط کرنے کے لیے امریکا میں مقیم پاکستانی تارکین وطن سے تعاون مانگ لیا۔امریکا میں مقیم پاکستانی برادری کے سرکردہ ارکان کے نام لکھے گئے خط میں علی جہانگیر صدیقی نے تارکین وطن کے تعاون سے بڑے اور دٴْور رس مقاصد کے حصول کے عزم کا اظہار کیا۔

علی جہانگیر صدیقی کا کہنا تھا کہ پاک امریکا تعلقات میں بڑی بہتری کی گنجائش ہے۔اپنی ترجیحات کا تعین کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ انہوں نے پورے اعتماد کے ساتھ ذمہ داریوں کا چیلنج قبول کیا ہے اور ہم مل کر ہی مطلوبہ مقاصد حاصل کر سکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں وہ پاکستانی برادری پر بھروسہ کریں گے، جس نیامریکی قومی دھارے میں نمایاں اور اہم جگہ حاصل کرلی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہمارے نوجوان بڑے متحرک، تعلیم یافتہ اور مستقبل کی اٴْمید ہیں۔واضح رہے کہ اعزاز احمد چوہدری کی سبکدوشی کے بعد گزشتہ ماہ 8 مئی کو علی جہانگیر صدیقی کو امریکا میں پاکستان کا سفیر تعینات کیا گیا تھا جس کے بعد 29 مئی کو وہ امریکی دارالحکومت واشنگٹن پہنچے اور اگلے روز یعنی 30 مئی کو انہوں نے پاکستانی سفیر کی حیثیت سے عہدے کاچارج سنبھالا۔علی جہانگیر صدیقی جلد امریکی صدر کو اپنی سفارتی اسناد پیش کریں گے، جس کے بعد وہ پاکستانی سفیر کے طور پر کام کرسکیں گے۔