مجھے پارٹی صدارت سے ہٹا کر اور تاحیات نااہل قرار دے کر دھاندلی کا آغاز کردیا گیا ہے،

ریحام خان کی کتاب بارے عمران خان ہی بہتر جانتے ہیں، پاکستان میں تبدیلی کو کوئی نہیں روک سکتا سابق وزیراعظم نوازشریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو

بدھ جون 14:24

مجھے پارٹی صدارت سے ہٹا کر اور تاحیات نااہل قرار دے کر دھاندلی کا آغاز ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 جون2018ء) مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ مجھے پارٹی صدارت سے ہٹا کر اور تاحیات نااہل قرار دے کرانتخابی دھاندلی کا آغاز کردیا گیا ہے، ریحام خان کی کتاب کے بارے میں مجھے نہیں معلوم کہ یہ کیا معاملہ ہے اس بارے میں عمران خان ہی بہتر جانتے ہیں، پاکستان میں تبدیلی کو کوئی نہیں روک سکتا یہ ملک کے لئے ناگزیر ہے۔

بدھ کو احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو اور ان کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں ہمارے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ سے محروم کردیا گیا جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ یہاں ہر بات کا سوموٹو نوٹس لیا جاتا ہے مگر (ن) لیگ کے لوگوں کو دوسری جماعتوں میں شامل کیا جاتا ہے تو اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا جاتا ۔

(جاری ہے)

ریحام خان کی کتاب کے بارے صحافی کے سوال پر نوازشریف نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم یہ کیا معاملہ ہے عمران خان ہی اس بارے میں بہتر جانتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے زندگی بھر کے لئے نااہل کرکے اور مسلم لیگ ن کی صدارت سے ہٹا کر قبل از الیکشن دھاندلی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں بھی اخبارات میں ریحام خان کی کتاب کے بارے پڑھ رہا ہوں۔ صحافیوں پر تشدد اور ان کے اغواء کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں نواز شریف نے کہا کہ یہ صورتحال زیادہ دیر نہیں چلے گی ، تبدیلی کو کوئی نہیں روک سکتا یہ ملک کے لئے ناگزیر ہے۔ سپریم کورٹ میں پیشی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے پر اپنے وکیل سے مشاورت کررہے ہیں۔