نشے میں دُھت پاکستانی نے پولیس والے پر مُکّوں کی بوچھاڑ کر دی

گرفتار ہونے پر سارا نشہ ہرن ہو گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 6 جون 2018 13:57

نشے میں دُھت پاکستانی نے پولیس والے پر مُکّوں کی بوچھاڑ کر دی
دوبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 6 جُون 2018ء) ایک پاکستانی شہری کو پولیس افسر پر حملہ آور ہونے کے جُرم میں دوبئی کی عدالت میں مقدمے کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ سرکاری استغاثہ کے ریکارڈ کے مطابق‘ 36 سالہ پاکستانی نے جو جائیداد کی خرید و فروخت کے کاروبار سے وابستہ ہے‘ نے وقوعہ کے وقت شراب کے چار گلاس چڑھا رکھے تھے‘ جس پولیس اہلکار کے اُسے گرفتار کرنے کی کوشش کی جس پر ملزم نے مزاحمت کی اور سرکاری افسر کے ساتھ دست و گریبان ہو گیا۔

ملزم نے مقامی عدالت میں حاضر ڈیوٹی پولیس اہلکار پر حملہ آور ہونے اور بغیر لائسنس نشہ کرنے کے جُرم سے انکار کر دِیا۔ یہ مقدمہ الرشیدیہ پولیس سٹیشن میں درج کیا گیا تھا۔ مُدعی پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ10 اپریل 2018ء کو ڈیوٹی کے دوران اُسے اوراس کے ساتھی اہلکاروں کو دوبئی پولیس کے آپریشن روم سے اطلاع کی گئی کہاکہ ایک علاقے میں کچھ گڑبڑ ہوئی ہے‘ اُسے جا کر دیکھو۔

(جاری ہے)

اہلکار کے مطابق ’’جب میں اپنے ساتھی اہلکاروں کے ساتھ اُس مخصوص علاقہ میں گیا تو وہاں میری ایک ایشیائی شخص سے ملاقات ہوئی جس نے بتایا کہ ملزم اُس کے ساتھ بدکلامی کرنے کے علاوہ اُس پر حملہ آور بھی ہوا ہے۔ اُس کے چہرے اور گردن پر موجود سُرخ نشان اور پھٹی ہوئی شرٹ اس با ت کی گواہی دے رہے تھے کہ حقیقت میں اُسے مارا پیٹا گیا ہے۔ پولیس ٹیم نے ملزم کا سُراغ لگا کر اُسے گرفتار کرنے کی کوشش کی۔

جب میں نے ملزم کو ہتھکڑیاں لگانے کی کوشش کی تو اس نے مجھے چھاتی پر مُکا رسید کیا اورکئی بار مجھے پیچھے کو دھکا دِیا جس کے باعت میں گر پڑا اور میری ٹانگ زخمی ہو گئی۔ آخر دیگر پولیس اہلکاروں کی مدد سے میں نے اُسے گرفتار کر لیا۔‘‘ موقع پر موجود ایک اور پولیس افسر نے بتایا کہ ایک شخص نے فون کر کے بتایا تھا کہ ملزم اُس کی بہن کو ہراساں کر رہا ہے اور اسے (اطلاع کرنے والے)سے بھی بدکلامی کی اور مارا پیٹا ہے۔

اس رپورٹ پر جب ہم ملزم کے فلیٹ پر گئے تو وہ دروازے سے باہر آ کر ہمیں خونخوار نظروں سے دیکھنے لگا۔ میرے ساتھی اہلکار کی جانب سے اُسے ہتھکڑیاں لگانے کی کوشش پر اُس نے سخت مزاحمت کا مظاہرہ کیا یہاں تک کہ اس کوشش کے دوران اہلکار اُس کی جانب سے کئی بار دھکا دیئے جانے پر گر پڑا۔ آخر مزاحمت کے بعد ہم نے اُسے قابو کر ہی لیا۔ فرانزک رپورٹ میں ملزم کے حملے کے باعث مُدعی اہلکار کی بائیں ٹانگ پر خراش آنے کی تصدیق ہوئی ہے۔