شیعہ علماء کونسل کی جانب سی23رمضان المبارک کوملک بھر میں یوم القدس بھر پور طریقے سے منایا جائیگا

قائدملت جعفریہ پاکستان کی ہدایت پر اسلام آبا د سمیت ملک بھر کے تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں بعد از نماز جمعہ القدس ریلیاں نکالی جائینگی،ایم ایم اے ، یکجہتی کونسل کے رہنما بھی شریک ہونگے، عارف واحدی حقوق بشرکی تنظیموں اور عالمی ادارو ں کو کیوں اسرائیلی جارحیت نظر نہیں آتی، مرکزی سیکریٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان

بدھ 6 جون 2018 14:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2018ء) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ ہرسال کی طرح امسال بھی 23رمضان المبارک،08 جولائی 2018ء بروز جمعةالمبارک کوملک بھر میں یوم القدس بھر پور طریقے سے منایا جائیگا۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر چھ دہائیوں سے جاری اسرائیلی جارحیت کیخلاف اور بیت المقدس کی یہودی تسلط سے آزادی کیلئے اسلام آباد سمیت ملک بھر کے تمام بڑے چھوٹے شہروں میں القدس ریلیاں نکالی جائیں گی، ریلیوں میں ملی یکجہتی کونسل اور متحدہ مجلس عمل میں شامل جماعتیں بھی بھرپور طریقے سے شریک ہونگی،علامہ عارف حسین واحدی نے مزید کہاکہ اسرائیل نے ظلم و بربریت کے وہ پہاڑ توڑے ہیں جن کی مثالیں ڈھونڈے نہیں ملتیں ،یوم القدس ہرسال کی طرح امسال بھی بھرپور طریقے سے منایا جائے گا اور عالمی سطح پر دبائو بڑھایا جائیگا کہ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کیلئے کیوں آواز بلند نہیں کی جاتی، کیوں انسانی حقوق کے اداروں کو بشری حقوق کی پامالی نظر نہیں آتی ، کیوں گلی ، کوچو ں میں معصوم بچوں کا بہتاہوا خون نظر نہیں آتا، کیا خون مسلم اتنا ارزاں ہوگیاہے کہ بین الاقوامی دنیا کی طرح اسلامی دنیا میں بھی شہر خموشاں جیسی بے حسی و خاموشی نظر آرہی ہے ۔

(جاری ہے)

علامہ عارف حسین واحدی نے کہاکہ یوم القدس کو بھرپور طریقے سے منانے کیلئے مرکز سمیت صوبائی و ضلعی سطح پر القدس کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیںاور اس حوالے سے عوام میں بھی آگاہی مہم تیز کردی گئی ہے۔ انہوںنے مطالبہ کیاکہ پاکستان اسرائیلی جارحیت کے خلاف اقوام متحدہ میں ایک مرتبہ پھر آواز احتجاج بلند کرتے ہوئے اپنے عزم کا اعادہ کرے، انہوںنے کہاکہ القدس ریلیوں میں تمام مکاتب فکر اور سیاسی جماعتوں کے قائدین کو بھی مدعو کیا جائیگا ، ملی یکجہتی کونسل اور متحدہ مجلس عمل میں شامل جماعتیں بھی یوم القدس کی احتجاجی ریلیوں میں بھرپور شرکت کریں گی۔