(ن) لیگ کی حکومت نے ملک کو تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا‘

پیپلز پارٹی کا ملک میں پانی اور بجلی کے بحران پر اظہار تشویش چیئرمن واپڈا کا ٹیلی میٹر سسٹم کے ٹوٹنے کے متعلق انکشاف تشویشناک ہے، پانی کا حساب رکھنے والا نظام کو توڑ دینا بتا رہا ہے کہ پانی کی مصنوعی قلت پیدا کی گئی ‘سینیٹر مولا بخش چانڈیو

بدھ 6 جون 2018 14:39

(ن) لیگ کی حکومت نے ملک کو تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا‘
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک میں پانی اور بجلی کے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی حکومت نے ملک کو تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا، اپنے ہر دور کی طرح اس دور میں بھی نواز شریف وفاق اور صوبوں میں بے اعتمادی بڑھا کر گئے ہیں۔پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ نواز شریف اور ان کی حکومت نے ملک و قوم کے ساتھ جرائم کئے ہیں، سرکلر ڈیٹ دوگنا ہو چکا، بجلی نام کو نہیں، پانی کا بحران شدید ہو گیا ہے ، حکومت کے آخری دن جاتے جاتے کہتے ہیں اب جو ہوگا اس کے ذمیوار ہم نہیں، یہ ملک ہے اتفاق فائونڈری نہیں، میاں صاحب آپ نے جو کیا اس کا حساب دینا ہوگا،قوم کو بتائیں کی بجلی اور پانی کہاں گئے، آپ نے ملک کے ساتھ یہ حشر کیوں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیئرمن واپڈا کا ٹیلی میٹر سسٹم کے ٹوٹنے کے متعلق انکشاف تشویشناک ہے، پانی کا حساب رکھنے والا نظام کو توڑ دینا بتا رہا ہے کہ پانی کی مصنوعی قلت پیدا کی گئی ہے، ہم پہلے سے کہتے آئے ہیں کہ نواز شریف وفاق کی نہیں مخصوص سوچ اور مفادات کی سیاست کرتے ہیں، ٹیلی میٹری سسٹم کے معاملے کو سنجیدگی سے لیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے،بجلی کے حقائق بھی قوم کیسامنے رکھے جائیں، سرکلر ڈیٹ کا بتایا جائے کیوں بڑھا،نواز شریف نے آتے ہی سرکلر ڈیٹ کے نام پر پانچ سو ارب من پسند لوگوں میں بانٹے، نواز شریف اور شہباز شریف بتائیں کہ کیا سرکلر ڈیٹ بڑھنے کی ذمہ دار بھی کیا نگران حکومت ہے۔

مولابخش چانڈیو نے کہا کہ بجلی ہو کہ پانی نون لیگ حکومت جو کچھ چھوڑ گئی اس سے وفاق کمزور ہو گیا ہے، اپنے ہر دور کی طرح اس دور میں بھی نواز شریف وفاق اور صوبوں میں بے اعتمادی بڑھا کر گئے ہیں۔