گولڈن ٹیمپل پر حملے ، سینکڑوں افراد کی ہلاکت کی یاد میں پاکستان میں بسنے والی سکھ برادری کا بھارت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

سکھ برادری بھارت کے ظلم و بربریت کو کبھی نہیں بھول پائے گی ،آئندہ نسلیں بھی گولڈن ٹیمپل پر حملے کے خلاف سراپا احتجاج رہیں گی بھارت مردہ باد ،پاکستان زندہ و پائندہ باد رہے،خالصتان کی تحریک کبھی رک نہ پائے ‘سردار اوتار سنگھ سنگھیڑا ،سردار بشن سنگھ و دیگر کا خطاب

بدھ 6 جون 2018 14:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2018ء) 1984ء میں بلیو سٹارآپریشن کے ذریعے خالصتان تحریک کو ختم کرنے کی غرض سے بھارتی آرمی کی جانب سے سکھ مذہب کی مرکزی عبادت گاہ گولڈن ٹیمپل پر حملے اور سینکڑوں مرد و خواتین کی ہلاکت کی یاد میں پاکستان میں بسنے والی سکھ برادری کے سینکڑوں افراد نے گورودوارہ ڈیرہ صاحب میں بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور بھارتی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ، شرکاء کی جانب سے خالصتان زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

احتجاجی مظاہرے کی قیادت سردار اوتار سنگھ سنگھیڑہ لندن ،سابق پردھان سردار بشن سنگھ ،سردار مہندر سنگھ ،سردار ترن سنگھ ،سردار کلدیپ سنگھ ،سردار سربت سنگھ ،صوبہ سنگھ ،بلونت سنگھ نے کی جس میں سکھ مرد و خواتین ،بوڑھے اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سردار اوتار سنگھ سنگھیڑا نے کہا کہ دنیا بھر کے سکھ بھارت کی اس ظلم و بربریت کو کبھی نہیں بھول پائیں گے اور ہمارے آنے والی نسلیں بھی گولڈن ٹیمپل پر حملے اور سینکڑوں بے گناہ ہلاکتوں پر سراپا احتجاج رہے اور خالصتان تحریک کامیابی سے ہمکنار ہو گی ،ہم بھارت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں گے ،بھارتی حکومت کا نہتے افراد پر ظلم کو دنیا کی تاریخ کبھی بھلا نہیں پائے گی ۔

سابق پردھان سردار بشن سنگھ نے کہا کہ بھارتی آرمی نے اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کے حکم پر جس طرح ہماری عبادت گاہ کی بے حرمتی کی اور ہمارے سینکڑوں افرا د کا نا حق خون بہایا اور انہیں زندہ جلایا اس پر ہم سراپہ احتجاج ہیں اور یہ احتجاج کبھی ختم نہیں ہو گا ۔ہم آج یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ بھارت مردہ باد جبکہ پاکستان زندہ و پائندہ باد رہے۔

اور خالصتان کی تحریک کبھی رک نہ پائے ۔سردار مہندر سنگھ ترن سنگھ سروت سنگھ و دیگر نے بھی بھارتی حکومت کے اس ظالمانہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ظلم و ستم ہماری تحریک اور آواز حق کو کبھی ختم نہ کر پائیں گے ۔مظاہرین نے مختلف پے کارڈز جس پر بھارت مخالف نعرے جبکہ گولڈن ٹیمپل کے حملے میں مارے گئے افراد کی تصاوررر اٹھار رکھی تھی اور بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں ۔