حکومت کوٹلی میں صاف پانی کی فراہمی ، لووڈ شیڈنگ کے خاتمہ اور جنگلات کے تحفظ کیلئے فوری اور ہر ممکن اقدامات کرے ،ْملک محمد نواز

بدھ 6 جون 2018 15:29

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2018ء) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سینئر رکن و مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنما ملک محمد نواز خان نے کہا ہے ہے کہ حکومت کوٹلی میں صاف پانی کی فراہمی ، لووڈ شیڈنگ کے خاتمہ اور جنگلات کے تحفظ کے لئے فوری اور ہر ممکن اقدامات کرے ۔ بصورت دیگر کوٹلی میں دما دم مست قلندر ہوگا ۔ عوام عاجز آچکے ہیں ۔

عوامی مسائل کے حل کے لئے شہید چوک سے لیکر پارلیمنٹ تک ہر ممکن کوشش کرتے رہیں گے ۔ جب تک دم میں دم ہے کوٹلی کے حقوق کے لئے جدو جہد کرتا رہوں گا ۔ اپنے بیان میںانھوںنے کہا کہ کوٹلی کے شہری اسوقت شدید کرب سے دوچار ہیں جس کی ذمہ داری پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی حکومتوں پر عائد ہوتی ہے ۔ ہم نے مسلم کانفرنس کے دور حکومت میں کوٹلی کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر گریٹر واٹر سپلائی سکیم پر کام شروع کروایا ۔

(جاری ہے)

گریٹر واٹر سکیم کوٹلی کے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ۔ لیکن پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی حکومتوں نے گریٹر واٹر پر انتہائی سستی اور غفلت کا مظاہرہ کیا ۔گریٹر واٹر مکمل کر لی جائے تو کوٹلی کی آئندہ پچاس سالہ ضروریات پور ی ہو جائیں ۔ اس منصوبے کو ناکام نہیں ہونے دوں گا ۔ گریٹر واٹر سپلائی کی تکمیل میری زندگی کا مشن ہے ۔ ہم نے اپنے دور حکومت میں ہائیڈرو پاور کا الگ محکمہ بنا کر ریاست میں پاور پراجیکٹ شروع کروائے جن سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوئے بلکہ بجلی کی پیداوار میں خود کفالت کی جانب پیش رفت ہوئی ۔

اگر ہمارے دور میں شروع ہونیوالے ہائیڈورپراجیکٹ مکمل کر لئے جاتے تو آج محکمہ برقیات آزاد کشمیر کے پاس اپنی بجلی ہوتی ۔ لیکن حکومتوں کے عدم استحکام اور نااہل حکمرانوں نے ان منصوبہ جات پر کام نہیں کیا ۔اور آج ہم بدترین لووڈ شیڈنگ کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں ۔ واپڈا ہوش کے ناخن لے اور فورسڈ لووڈ شیڈنگ بند کرے ۔ کوٹلی میں بجلی کی ترسیل بہتر بنائی جائے ۔

پانی اور بجلی کا بحران ختم کیا جائے ۔ کوٹلی میں جنگلات کے تحفظ کے لئے اقدامات کے لئے جائیں ۔ جنگلات قومی دولت ہیں ۔جنھیں ٹمبر مافیا کاٹ کاٹ کر بیچ رہا ہے پھر آگ لگا کر جلاتا بھی ہے ۔ کوٹلی کے عوام کے حقوق کا پاسبان ہو ں ۔ واحد شخص ہوں جس نے تنہا کوٹلی کے حقوق کی جنگ لڑی ۔ جب تک دم میں دم ہے عوامی حقوق کی جدوجہد جاری رکھو ں گا ۔