اینٹی نارکوٹکس فورس نے 1.082 ٹن منشیات برآمد کر لیں

ملک گیر کاروائیوں کے دورانمنشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 4 خواتین سمیت44 ملزمان گرفتار، 10گاڑیاں ضبط

بدھ 6 جون 2018 15:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2018ء) اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے 27ملک گیر کاروائیوں کے دوران 2ارب 28کروڑ روپے بین الاقوامی مالیت کی1.082 ٹن منشیات برآمد کر لیں جبکہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث 4 خواتین سمیت44ملزمان کوگرفتارجبکہ10 گاڑ یاں بھی ضبط کر لی گئیں۔ برآمد شدہ منشیات میں 816 کلو گرام مارفین، 149.8 کلو گرام چرس، 81.9 کلو گرام ہیروئن، 30 کلو گرام کرسٹل،2.4 کلو گرام افیون، 1.4 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن اور 935 گرام ایمفیٹامائن شامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق، اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاع پر کاروائی کے دوران چاغی کے علاقے دھگ کے غیر آباد علاقے سے 50 کلو گرام ہیروئن اور 30 کلو گرام کرسٹل برآمد کر لی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق برآمد شدہ منشیات کسی دیگر گروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے چھپائی گئی تھی۔

(جاری ہے)

خفیہ اطلاع پر کی گئی ایک اور کاروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے ضلع کلہ عبداللہ کی تحصیل بدینی کے علاقے کلی سرکریز سے ایک لاوارث ٹیوٹا سرف (بغیر نمبرپلیٹ)گاڑی کو قبضے میں لیکر دوران تلاشی گاڑی میں چھپائی گئی 816 کلوگرام مارفین برآمد کر لی۔

مذکورہ منشیات کسی دیگر گروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے نامعلوم مقام پر منتقل کی جانے کی غرض سے چھپائی گئی تھیں۔اے این ایف راولپنڈی نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کاروائی کے دوران بذریعہ پرواز نمبرGF-771 سعودی عرب جانے والے پشاور کے رہائشی آدم خان اور اس کی خاتون ساتھی فریال بی بی نامی دو مسافروں کو شک کی بنا پر تحویل میں لیا۔

دوران تفتیش دونوں مسافروں نے اپنے پیٹ میں منشیات بھرے کیپسولوں کی موجودگی کا اعتراف کر لیا۔ جس پر انہیں ہسپتال منتقل کر کے ان کے پیٹ میں موجود 57 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیاگیا۔ بعد ازاں برآمد شدہ کیپسولوں سے 390 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے ترامڑی چوک، اسلام آباد میں واقع عرفان سی این جی سٹیشن کے قریب خیبر ایجنسی کے رہائشی عثمان خان اور پشاور کے رہائشی عبد الرحمن نامی 2 مسافروں کے ذاتی قبضے سے 3.9 کلو گرام چرس برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے ترنول ریلوے پھاٹک، اسلام آباد کے قریب ایک ایکسیو کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے ڈگّی میں چھپائی گئی 3 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ جبکہ موقع پر موجودخیبر ایجنسی کے رہائشی فضل وھاب اور ابراہیم شاہ نامی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔چوتھی کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے 26 نمبر چونگی بس سٹاپ، اسلام آباد کے قریب ایک ٹیوٹا ڈبل کیبن گاڑی کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 12 کلو گرام چرس برآمد کر کے موقع پر موجود اسلام آباد کے رہائشی میاں خالد پرویز نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پانچویں کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے لہتراڑ روڈ، اسلام آباد پر واقع صنم چوک کے قریب ایک سوزوکی بولان گاڑی کے روک کر دوران تلاشی گاڑی کی فرنٹ سیٹوں میں چھپائی گئی 2.4 کلوگرام چرس برآمد کر کے موقع پر موجود اسلام آباد کے رہائشی عبد الرحیم اور غفران اللہ نامی 2 ملزما ن کو گرفتار کر لیا۔چھٹی کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے کشمیر ہائی وے، اسلام آباد پر واقع گولڑہ موڑ کے قریب ایک ہنڈا سوک کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے ٹرنک میں چھپائی گئی 18 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی۔

جبکہ موقع پر موجود کوٹلی آزاد کشمیر کے رہائشی شمشیر انجم اور محمد یوسف،اٹک کے رہائشی حامد محمود اور اسلام آبادکے رہائشی غلام حسین نامی 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ساتویں کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے سکردوسے گلگت کے رہائشی برھان الدین نامی ملزم کے ذاتی قبضے سے 400 گرام ہیروئن برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔آٹھویں کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد سے بذریعہ پرواز نمبر QR-633 دوحہ جانے والے پشاور کے رہائشی محمد یونس نامی مسافر کو شک کی بنا پر حراست میں لیکر پوچھ گچھ کی تو مسافر نے اپنے پیٹ میں منشیات بھرے کیپسولوں کی موجودگی کا اعتراف کیا۔

جس پر اسے ہسپتال منتقل کر کے اس کے پیٹ میں موجود 98 چرس بھرے کیپسول برآمد کر لئے گئے۔ بعد ازاں برآمد شدہ کیپسولوں سے 560 گرام چرس برآمد کی گئی۔نوویں کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بذریعہ پرواز نمبر PA-230 ابو ظہبی جانے والے بنوں کے رہائشی فہد خان اورسوید خان نامی 2 مسافروں کے سفری بیگ 2.2 کلو گرام چرس برآمد کر کے دونوں ملزمان گرفتار کر لیا۔

دسویں کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے گولڑہ موڑ کشمیر ہائی وے، اسلا آباد کے قریب ایک ٹیوٹا کرولا کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے دروازوں میں چھپائی گئی 3.9 کلو گرام چرس برآمد کر کے موقع پر موجود اسلام آباد کے رہائشی فرقان علی اور کامران نامی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔گیارھویں کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے کوہاٹ کے رہائشی حکمت خان نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے ٹرالی بیگ سے 335 گرام ایمفیٹامائن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ملزم پرواز نمبر PK-753 کے ذریعے ریاض،سعودی عرب روانہ ہو رہا تھا۔بارھویں کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بذریعہ پرواز نمبر NL-719 جدہ جانے والے کوہاٹ کے رہائشی حکمت خان نامی مسافر کے سفری بیگ سے 600 گرام ایمفیٹا مائن برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔اے این ایف لاہور نے اگّوکی، سیالکوٹ میں واقع گورمٹ بیکری کے قریب کاروائی کے دوران سیالکوٹ کے رہائشی سمیع اللہ نامی مسافر کے ذاتی قبضے سے 2.1 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہورنے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ، لاہور سے بذریعہ پرواز نمبر GF-0765 اٹلی جانے والے خوشاب کے رہائشی ربنواز اور شمیم اختر نامی دومسافروں کے سامان کی تلاشی کے دوران دونوں مسافروں کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 3 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے پاکستان رینجرز پنجاب کے ساتھ مشترکہ آپریشن کے دوران حسین خان چوک، قصور کے قریب محمد رفیض نامی مقامی باشندے کے ذاتی قبضے سے 2 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

چوتھی کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے میانی روڈ، ملتان پر واقع چوک پل وصی سوراج کے قریب ملتان کے رہائشی محمد نبی اور رانا خالد نامی 2 ملزمان کے ذاتی قبضے سے 670 گرام ہیروئن برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پانچویں کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے خانیوال ٹول پلازہ کے قریب ایک ٹیوٹا سرف کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی میں چھپائی گئی 2.4 کلو گرام افیون اور 9.6 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔

جبکہ موقع پر موجود بونیر کے رہائشی رختِ افسر اور امیر زیب نامی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔چھٹی کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے چنیوٹ روڈ، فیصل آباد پر واقع کمالپور بائی پاس کے قریب ایک بیڈفورڈ ٹرک کو روک کر دورزن تلاشی ٹرک کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 96 کلو گرام چرس برآمد کر کے موقع پر موجود پشاور کے رہائشی غلام سرور، عجب خان اور وزیر حسین نامی تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ساتویں کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے علامہ اقبال ٹائون، لاہور میں واقع مون مارکیٹ بس سٹاپ کے قریب پشاور کے رہائشی اقتدار علی اور خیبر ایجنسی کے رہائشی جان محمد نامی 2 ملزمان کے ذاتی قبضے سے 13.2 کلو گرام چرس برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔آٹھویں کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے حسین شاہ چوک ملتان کے قریب شبانہ بی بی نامی خاتون منشیات اسمگلر کے ذاتی قبضے سے 1 کلو گرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔

نوویں کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے مال روڈ، لاہور پر واقع ایک نجی کوریئر کمپنی کے دفتر سے پیرس بھیجے جانے والے ایک پارسل کو قبضے میں لیکر اس میں سے 900 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔مذکورہ منشیات فرضی ایفل ٹاور کے شو پیس میں چھپائی گئی تھی۔اے این ایف پشاور نے موٹروے ٹول پلازہ پشاور کے قریب کاروائی کے دوران ایک مسافر ٹیوٹا ہائی ایس گاڑی کے روک کر اس میں سوار خیبر ایجنسی کے رہائشی سعید احمد نامی مسافر کی تلاشی کے دوران اس کے جوتوں سے 600 گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

اے این ایف کراچی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ، کراچی پر کاروائی کے دوران بذریعہ پرواز نمبر EK-601 مدینہ جانے والے خوشاب کے رہائشی خیر البشر، اُزمہ بی بی اور ملائکہ بی بی نامی تین ملزمان کے سامان کی تلاشی کے دوران 1.470 کلو گرام میتھ ایمفیٹا مائن برآمد کر کے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے کالابورڈ، ملیر، کراچی میں واقع نہال ہسپتال کے قریب کوہاٹ کے رہائشی محمد سلمان، عبد الحمید اور کراچی کے رہائشی دائود شاہ نامی 3 ملزمان کے ذاتی قبضے سے 4 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے بذریعہ پرواز نمبر EK-603 ریاض جانے والے صوابی کے رہائشی عرفان اللہ نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران 2 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔