نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 17 فیصد اضافہ

سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان میں مئی میں 1094نئی کمپنیاں رجسٹرکی گئیں

بدھ 6 جون 2018 15:42

نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 17 فیصد اضافہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2018ء) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان میں مئی میں ایک ہزار چورانوے نئی کمپنیاں جسٹرکی گئیں۔ یہ تعداد گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں سترہ فیصد زائد ہے۔ ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی کل تعداد چھیاسی ہزار آٹھ سو چھہتر ہو گئی ہے۔ کمپنیوں کی رجسٹریشن کو آسان بنانے کے لئے کی گئی اصلاحات اور رجسٹریشن کی فیسوں میں نمایاں کمی سے رجسٹریشن کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔

رجسٹریشن حاصل کرنے والی چھہتر فیصد کمپنیاں پرائیویٹ لمیٹڈ ہیں جبکہ بائیس فیصد سنگل ممبر اور دو فیصد کمپنیوں نے بطور پبلک لسٹڈ، غیر منافع بخش اور ٹریڈ آرگنائزیشزز اورغیر ملکی کمپنیوں کے طور پر رجسٹریشن حا صل کی۔ اس ماہ سب سے زیادہ رجسٹریشن ٹریڈنگ کے شعبے میں ہوئی جہاں رجسٹریشن حاصل کرنے والی کمپنیوں کی تعداد ایک سو اٹھتر (178) رہی۔

(جاری ہے)

خدمات کے شعبے میں ایک سو ترپین (153) کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، انفرمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک سو پینتس (135)، تعمیرات میں ایک سو بتیس (132) کمپنیاں، سیاحت میں بیتالیس (42) ، فوڈ اینڈ مشروبات میں انتالیس (39)، رئل اسٹیٹ میں چھتیس (36)، تعلیم میں تینتیس (33)، انجنیئرنگ میں بتیس (32)، کارپوریٹ ایگریکلچرل میں 126 چھبیس(26)، ٹرانسپورٹ میں اکیس (21) ، دواسازی، ٹیکسٹایل، ایڈورٹائزنگ اور مارکیٹنگ، ہر ایک شعبے میں انیس (۱۹)، آٹو اینڈ الائیڈ کے شعبے میں اٹھارہ کمپنیان رجسٹر ہوئیں، براڈکاسٹنگ اینڈ ٹیلی کاسٹنگ میں سولہ کمپنیاں، کیمیکل، ایندھن، توانائی اور صحت، ہر ایک میں بارہ کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، کمیونیکیشن اور پاور جنریشن،ہر ایک میں گیارہ جبکہ ایک سو اٹھارہ کمپنیوں نے دیگر شعبوں میں رجسٹریشن حاصل کی۔

اس دوران پانچ غیر ملکی کمپنیاں میں اسلام آباد اور کراچی میں رجسٹر ہوئیں جبکہ چھپن مقامی کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی۔ یہ سرمایہ کاری کینیڈا، چین، چیک ریپبلک، ڈنمارک، ایران، اردن، جنوبی کوریا، لبنان، نیپال، نیدر لینڈ، اومان، سعودیہ عرب، سنگا پور، تنزانیہ، ترکی، یوکرائن اور امریکہ کے سرمایہ کاروں کی جانب سے ہوئی۔ مئی میں سب سے زیادہ کمپنیاں اسلام آباد میں رجسٹر ہوئی جن کی تعداد چار سو دو (402) ہے جبکہ لاہور میں دو سو اکہتر (271) اور کراچی میں دو سو چھبیس (226) کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ پشاور، ملتان، گلگت بلتستان، فیصل آباد، کوئٹہ اور سکھر میں بالترتیب 9,14,31,39,42,60 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔