پاکستان سکواش فیڈریشن کا اگست میں 20ہزار ڈالر ایونٹ کے شیڈول کا اعلان

بدھ 6 جون 2018 15:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2018ء) پاکستان سکواش فیڈریشن نے رواں سال کراچی میں 20 ہزار ڈالر ایونٹ کے شیڈول کا اعلان کردیا۔ ایونٹ میں شرکت کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی انٹری عیدالفطر کے بعد شروع ہوجائے گی، اس ایونٹ میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔۔پاکستان سکواش فیڈریشن کے گیم ڈویلپمنٹ آفیسر فلائٹ لیفٹیننٹ عامر اقبال کا کہنا تھا کہ پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن (پی ایس ای)نے ہمیں رواں سال متعدد ایونٹس کی میزبانی دی ہے جن میں اسلام آباد میں حال ہی میں پاکستان سرکٹ ون مینز اینڈ ویمنز ایونٹس کا کامیابی سے انعقاد کرچکے ہیں تاہم اس ایونٹ میں صرف قومی کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ فیڈریشن نے پارکو روشن خان انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔

(جاری ہے)

شیڈول کے مطابق یہ ایونٹ رواں سال 3 سے 8 اگست تک کراچی میں کھیلا جائے گا جس میں غیر ملکی کھلاڑیوں سمیت پاکستان کے نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے یہ ٹورنامنٹ 20ہزار ڈالر انعامی رقم پر محیط ہوگا جس کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کیلئے انٹری عیدالفطر کے بعد شروع ہو جائے گی۔

قبل ازیں پی ایس اے نے لاہور اور کراچی میں 10 ہزار اور 5 ہزار ڈالر مرد اور خواتین کھلاڑیوں کے ایونٹس کی میزبانی بھی پاکستان کو دی ہے جس میں صرف پاکستان کے کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے تاکہ ان کی عالمی رینکنگ میں مزید بہتری آسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کے زیر اہتمام ایس این جی پی ایل پاکستان سرکٹ ٹو مینز اینڈ ویمنز عید الفطر کے بعد 26 جون سے یکم جولائی تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔

ٹورنامنٹ میںخواتین کا ایونٹ 5 ہزار ڈالر جبکہ مردوں کا ایونٹ 10ہزار ڈالر کا ہوگا۔ اس ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے نامور مرد اور خواتین کھلاڑی شرکت کریں گے۔ فیڈریشن نے پی ایس اے کی جانب سے میزبانی دینے والے جوبلی انشورنس پاکستان سرکٹ تھری سکواش ٹورنامنٹ 6 سے 11جولائی تک کراچی میں کھیلا جائے گا۔ اس ایونٹ میں بھی ملک بھر سے نامور مرد اور خواتین کھلاڑی شرکت کریں گے۔ اس ٹورنامنٹ کیلئے بھی انعامی رقم مردوں کیلئے 10ہزار ڈالر اور خواتین کیلئے 5ہزار ڈالر مقرر کی گئی ہے۔