بارشیں ہی بارشیں۔۔۔۔!

محکمہ موسمیات نے گرمی سے پریشان عوام کو خوشخبری سنا دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 6 جون 2018 15:43

بارشیں ہی بارشیں۔۔۔۔!
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 جون 2018ء) : محکمہ موسمیات نے گرمی کے ستائے شہریوں کو عید الفطر کے حوالے سے خوشخبری سنا دی۔ محکمہ موسمیات نے عیدالفطر پر موسم کے حوالے سے اہم خبر سنا دی ہے ۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ محکمہ موسمیات کے مطابق عیدالفطر کے دنوں میں ملک میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا اور درجہ حرارت میں قدرے کمی دیکھنے میں آئے گی۔

لیکن عیدالفطر پر خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہونے سے قبل پاکستانیوں کو موسم گرما کے گرم ترین دن بھی دیکھنا ہوں گے۔ محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ جون کے پہلے دو ہفتوں میں شمالی علاقہ جات سمیت ملک کے مختلف حصوں میں گرمی کا زور ہو گا اور درجہ حرارت میں 2 سے 3 درجے کا اضافہ ہو جائےگا تاہم دوسرے ہفتے کے اختتام کے بعد ملک بھر میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گاجس سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہو گی اور موسم خوشگوار ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا آغاز عید الفطر کے دنوں میں ہو گا جس کے تحت شہری نسبتاً بہتر موسم میں عید کے مزے لُوٹ سکیں گے۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان خالد محمود ملک نے پیشن گوئی کی کہ آنے والے ہفتوں میں جڑواں شہروںؤں سمیت ملک بھر میں درجہ حرارت میں اضافہ ہو جائے گا،ان کا کہنا تھا کہ رواں سال مئی کے مہینے میں موہنجوڈرو، جیکب آباد، دادو اور تربت میں سب سے زیادہدرجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ لاڑکانہ، سکھر اور دونوں علاقے میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ درجہ حرارت میں فرق کی وجہ سے جون کے وسط میں ملک میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جس کے بعد موسم خوشگوار اور درجہ حرارت میں کمی واقع ہو جائے گی۔