ایکٹ 74 کو آئین بنانا آزادکشمیر حکومت کا تاریخی اقدام ثابت ہوگا‘وزیراعظم فاروق حیدر نے انتخابی وعدہ پورا کردکھایا

مسلم لیگ (ن) مظفرآباد کی رہنما محترمہ نثارہ عباسی‘حسنیٰ نور، محترمہ ساجدہ گیلانی کی میڈیا سے بات چیت

بدھ 6 جون 2018 16:07

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2018ء) مسلم لیگ ن مظفرآباد حلقہ تین کی سینیئر رہنما محترمہ نثارہ عباسی، محترمہ حسنیٰ نور، محترمہ ساجدہ گیلانی نے کہا ہے کہ ایکٹ 74 کو آئین بنانا آزادکشمیر حکومت کا تاریخی اقدام ثابت ہوگا، صدرجماعت، وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے اپنا انتخابی وعدہ پورا کردکھایا، گزشتہ روز میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایکٹ 74 میں ترامیم سے ریاستی اختیار اور وقار میں اضافہ ہوگا، آزادکشمیر کو مالیاتی مسائل سے نجات ملے گی، ریاستی وسائل ریاست میں ہی خرچ ہونگے، اور ریاست شاہراہ ترقی پر عملی معنوں گامزن ہو سکے گی، یہ مسلم لیگ ن اور وزیراعظم آزادکشمیر کا ایک ناقابل فراموش اعزاز ہے کہ ن لیگ کی حکومت نے قائدکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں ریاست کو آئین دیا اور مالیاتی خودمختاری کی طرف اہم قدم اٹھایا، ہم اس تاریخ ساز کامیابی پر قائد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ن لیگ پاکستان کے قائدین کا بھی شکریہ ادا کرتی ہیں جنہوں نے اس نیک عمل میں ن لیگ آزادکشمیر کو سرخرو کیا۔