ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ، پاکستان نے سری لنکا کو ہرا کر دوسری کامیابی حاصل کر لی، ندا ڈار کی 5 وکٹیں، بنگلہ دیش نے دفاعی چیمپئن بھارت کو اپ سیٹ شکست دے دی

بدھ 6 جون 2018 16:07

کوالالمپور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ندا ڈار کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو ہرا کر دوسری کامیابی حاصل کر لی، ڈار نے 5 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، بنگلہ دیش نے دفاعی چیمپئن بھارت کو اپ سیٹ شکست دے دی، میزبان ملائیشیا کو متواتر تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

بدھ کو کھیلے گئے ایک میچ میں پاکستان ویمن نے سری لنکا ویمن کو 23 رنز سے ہرا کر ایونٹ میں کم بیک کیا، پاکستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے، کپتان بسمعہ معروف نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 60 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، ناہیدہ خان 38، جویریہ خان 13 منیبہ علی 5 اور ندا ڈار 3 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں، نین عابدی 7 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہیں، کماری نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں سری لنکن ویمن ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 113 رنز بنا سکی، مینڈس 25 اور ہنسیکا 24 رنز بنا کر نمایاں رہیں، ندا ڈار نے تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا، بسمعہ معروف اور ناشرہ نے ایک، ایک وکٹ لی، ایک اور میچ میں بنگلہ دیش ویمن نے دفاعی چیمپئن بھارت ویمن کو اپ سیٹ شکست دے کر دوسری کامیابی سمیٹی، بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے، کپتان ہرمنپریت کوہر 42 رنز بنا کر نمایاں رہیں، رومنا احمد نے 3 وکٹیں لیں، جواب میں بنگلہ دیش ویمن نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی چوتھی گیند پر 3 وکٹوں پر حاصل کیا، فرگانا حق 52 اور رومنا احمد 42 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں، تھائی لینڈ ویمن نے میزبان ملائیشیا ویمن کو 9 وکٹوں سے ہرا کر پہلی کامیابی سمیٹی۔