سٹا ر قومی فاسٹ باﺅلر سکاٹ لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں آرام کرینگے

ٹیم انتظامیہ پیسر کو انجری کے علاوہ تھکاوٹ سے بچانے کیلئے کوشاں

بدھ 6 جون 2018 16:07

سٹا ر قومی فاسٹ باﺅلر سکاٹ لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں آرام کرینگے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 جون 2018 ء) سکاٹ لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے دوران فاسٹ باﺅلر محمد عامر کو ریسٹ دینے کا قوی امکان ہے ،قومی کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ بائیں ہاتھ کے پیسر کو انجری کے علاوہ تھکاوٹ سے بچانے کیلئے کوشاں ہے اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی نئے پلیئرز کو آزمانے کے خواہش مند ہیں۔تفصیلات کے مطابق رواں ماہ کے وسط میں ایڈنبرا میں سکاٹ لینڈ کیخلاف ہونے والے دو ٹی ٹونٹی میچوں کے دوران قومی کرکٹ ٹیم اپنے فاسٹ باﺅلر محمد عامر کے بغیر میدان سنبھالے گی۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق فاسٹ باﺅلر کو انجری اور تھکاوٹ سے بچانے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ لارڈز میں چار وکٹیں لے کر فتح میں اپنا حصہ ڈالنے والے محمد عامر لیڈز میں کوئی نمایاں کارنامہ نہیں دکھا سکے تھے اور اسی میچ کے دوران ان کے کندھے میں تکلیف کا بھی انکشاف ہوا جس پر لیجنڈری فاسٹ باﺅلر وسیم اکرم کی جانب سے بھی ان پر تنقید کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق محمد عامر کو سکاٹ لینڈ کیخلاف میچز کیلئے پندرہ رکنی سکواڈ میں شامل تو کیا گیا ہے لیکن قدرے کمزور سکاٹش ٹیم کے خلاف نئے اور نوجوان پلیئرز کو موقع دیئے جانے کا امکان ہے کیونکہ قومی ہیڈ کوچ مکی آرتھر چاہتے ہیں کہ نوجوان کرکٹرز بھی انگلش کنڈیشنز سے آگاہی حاصل کریں اور امکان ہے کہ عثمان شنواری کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی کو سکاٹ لینڈ کے خلاف چانس ملے گا۔

ادھر گرین شرٹس کیخلاف رواں ماہ کھیلے جانےوالے دو ٹی ٹونٹی میچوں کیلئے سکاٹش سکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے ،مائیکل جونز اور پریسٹن مومسین کی جگہ گریگ ویلس اور حمزہ طاہر کی سکواڈ میں شمولیت ہوئی ہے ،تجربہ کار کھلاڑی رچی بیرنگٹن کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے،15رکنی سکواڈ میں مائیکل جونز اور پریسٹن مومسین کی جگہ وکٹ کیپر بیٹسمین گریگ ویلس اور بائیں ہاتھ کے سپن باﺅلرحمزہ طاہر کو سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔حتمی سکواڈ میں کپتان کائیل کوئٹزر کے علاوہ رچی بیرنگٹن،ڈائلن بج،میتھیو کراس،الیسڈیئر ایوانز، گریگ ویلس ،مائیکل لیسک،کیلم میکلیوڈ ،حمزہ طاہر، جارج مونسی،سفیان شریف،کرس سول،بریڈ وہیل اور سٹورٹ واٹنگھم شامل ہیں۔