شام ، جاں بحق افراد کی تعداد پیش کردہ اعدادوشمار سے کہیں زیادہ،قتل عام کی ذمہ دار امریکہ اور اتحادی فورسز ،ایمنسٹی انٹرنیشنل

بدھ 6 جون 2018 16:39

الراقہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2018ء) ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ شام میں امریکہ اور اتحادی افواج کے حملوں سے جاں بحق شامی باشندوں کی تعداد پیش کئے گئے اعدادوشمار سے کہیں زیادہ ہے،اس قتل عام کی ذمہ دار امریکہ اور اتحادی فورسز ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف امریکہ کی زیر قیادت کولیشن کے شام کے شہر راقہ میں کئے گئے حملوں میں ہلاک ہونے والے شہریوں کی تعداد بتائی گئی تعداد سے کہیں زیادہ ہے۔

ایمنیسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف امریکہ کی زیر قیادت کولیشن کے شام کے شہر راقہ میں کئے گئے حملوں میں ہلاک ہونے والے شہریوں کی تعداد بتائی گئی تعداد سے کہیں زیادہ ہے۔ایمنیسٹی انٹرنیشنل کے حکام نے 24 ایسے مقامات کا دورہ کیا کہ جہاں جون 2017 کو شروع ہونے والے راقہ آپریشن کے دوران فضائی حملے کئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

حکام ان مقامات پر تحقیقات کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ حملوں کے متعدد مقامات پر فضائی بمباری کے نتیجے میں شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

تنظیم نے کہا ہے کہ امریکہ کی زیر قیادت کولیشن کے فضا سے اور علیحدگی پسند دہشت گرد تنظیم پی کے کے کی شامی شاخ PYD/YPG کے زمین سے جاری راقہ آپریشن میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ایمنیسٹی انٹرنیشنل نے کولیشن فورسز کو شہریوں کی سلامتی کی طرف توجہ نہ دینے کا بھی قصوروار ٹھہرایا ہے۔