کراچی،ملت موڑ عظیم پورہ تا ملیر 15ریلوے پھاٹک 2کلو میٹر شاہراہ کی کارپیٹنگ مکمل ،

عوام کا میئر کراچی ،چیئر مین بلدیہ کورنگی سے اظہار تشکر سیوریج کے ابتر نظام نے شاہرائوں اور گلیوں کو تباہ و برباد کردیا ،ناکاہ لائنوں کو تبدیل کرکے شاہراہوں اور گلیوں کو تعمیر کررہے ہیں، سیدنیئررضا

بدھ جون 16:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 جون2018ء) ضلع کورنگی کے علاقے شاہ فیصل زون ملت موڑ عظیم پورہ تا ملیر 15ریلوے پھاٹک نیشنل ہائی وے تقریباً2کلو میٹر سے زائد شاہراہ کی تعمیر مکمل ،گزشتہ رات کارپیٹنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا ،علاقہ مکینوں کا میئر کراچی وسیم اختر اور چیئر مین بلدیہ کورنگی سیدنیئر رضا سے شاہراہ کی تعمیر پر اظہار تشکر کرتے ہوئے دیرینہ مسائل حل کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ۔

چیئر مین بلدیہ کورنگی سیدنیئر رضا نے شاہراہ کی کارپیٹنگ کے معائنے کے موقع پر عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بلدیہ ادارے مالی مشکلات سے سے دوچار ہیں اس کے باوجود علاقائی ترقی اور عوام کو بنیادی مسائل سے نجات دلا نے کے لئے منتخب بلدیاتی نمائندے اپنی عوام کی خدمت میں شب روز مصروف ہیں ،ضلع کورنگی کی تعمیر و ترقی اور عوام کو درپیش مسائل کی محرومیوں سے نجات دلا نے کے لئے ہم پر عزم ہیں انشا اللہ عوام کے تعاون سے ضلع کورنگی کو شہر کراچی کا مثالی ضلع بنا یا جائیگا اس موقع پر یونین کمیٹیز کے چیئر مین ،وائس چیئر مین اور کونسلرز کے علاوہ بلدیاتی افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

چیئر مین سید نیئر رضا نے عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سیوریج کے ابتر نظام نے شاہراہوں اور گلیوں کو تباہ و برباد کردیا ہے ہم اپنے محدود وسائل کو بروئے کار لاکر ناکارہ اور بوسیدہ فراہمی و نکاسی آب کی لائنوں کو تبدیل کرکے شاہراہوں اور گلیوں کی تعمیر کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ بلدیہ کورنگی کے پاس وسائل محدود اور ضلع میں لاتعداد مسائل ہیں جسے ہم اپنی ترجیحات پر عملدرآمد کرتے ہوئے بتدریج حل کررہے ہیں انشا اللہ جاری ترقیاتی عمل کی تکمیل کے بعد عوام بہت جلد علاقائی سطح پر درپیش بلدیاتی مسائل کا خاتمہ سہولتوں کے حوالے سے نمایاں تبدیلی محسوس کرینگے ۔

اس موقع پر چیئر مین بلدیہ کورنگی سیدنیئر رضا نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ سڑکوں کی کھدائی اور کٹنگ سے اجتناب کریں اور ایسا کرنے والوں کو محاسبہ کریں تاکہ باہمی تعاون سے ہم اپنے ترقیاتی منصوبوں کی حفاظت کو ممکن بنا کر مسائل کا خاتمہ ممکن بناسکیں ۔