مقبوضہ کشمیر، شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

سید علی گیلانی کا نماز جنازہ کے شرکا سے ٹیلیفونک خطاب

بدھ 6 جون 2018 16:48

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کولگام اور پلوامہ کے اضلاع میں شہید مدثر احمد اور شہید شیراز احمدکی نمازجنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے مدثر احمد اور شیراز احمد کو چند روز قبل ضلع کپواڑہ کے علاقے ٹنگڈار میں ایک تلاشی آپریشن کے دوران شہید کرنے کے بعد ان کی میتیں ورثا کے حوالے کرنے کے بجائے ٹنگڈار میں ہی دفنا دی تھیں۔

شہداء کے اہلخانہ کے شدید احتجاج کے بعد دونوں شہداء کی قبرکشائی کے بعد لاشیں ان کے حوالے کی گئی۔ مدثر احمد کا تعلق کولگام کے علاقے پاری گا م جبکہ شیراز احمد کا تعلق پلوامہ کے علاقے لاجورہ سے تھا۔ دونوں شہید کو اپنے اپنے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کیا گیااور ان کی نماز جنازہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

لوگوں نے اس موقع پر بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میںفلک شگاف نعرے لگائے ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے لاجورہ میںنماز جنازہ کے شرکا سے ٹیلیفونک خطاب میں شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ پیپلز فریڈم لیگ کے کارکنوں ارشد احمد بٹ اور گلزار احمد نے بھی شیراز احمد شیخ کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ انہوںنے اس موقع پر شہید نوجوانوںکو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔دریں اثنانوجوانوں کی شہادت پر کولگام اور پلوامہ کے اضلاع میں بدھ کو مکمل ہڑتال کی گئی۔ انتظامیہ نے دونوں اضلاع میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی تھی۔