ترقی یافتہ ممالک شدید آندھی اور طوفان معمول ہیں وہاں بجلی کا ترسیلی نظام زیر زمین ہونے کے باعث سپلائی متاثر نہیں ہوتی‘لاہور چیمبر

پاور ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے صارفین کو متعدد فوائد حاصل ہونگے، جس سے بڑے بریک ڈائون کے مسائل سے بچا جاسکے گا ‘عہدیداران

بدھ 6 جون 2018 16:53

ترقی یافتہ ممالک شدید آندھی اور طوفان معمول ہیں وہاں بجلی کا ترسیلی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2018ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے منگل کی رات آنیوالی آندھی و طوفان کے نتیجے میں بجلی کی طویل بندش پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بجلی کی بلا تعطل سپلائی کیلئے ترسیلی نظام زیر زمین کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔اپنے ایک بیان میں صدر لاہور چیمبر طاہر جاوید ملک، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے کہا کہ منگل کی رات آنیوالی شدید آندھی اور طوفان سے لیسکو کے 700 سے زائد فیڈرز ٹرپ اور کر گئے جبکہ ڈیڑھ سو سے زائد فیڈرز سے بجلی گزشتہ روز دوپہر تک بحال ہوئی اور مسلسل 12 گھنٹے تک بڑا علاقہ اندھیرے میں ڈوبارہا جس کے باعث فیکٹریوں اور مارکیٹوں میں کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہوئیں۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہاکہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک شدید آندھی اور طوفان معمول ہیں تاہم وہاں بجلی کا ترسیلی نظام زیر زمین ہونے کے باعث سپلائی متاثر نہیں ہوتی، لیسکو کی جانب سے مخصوص مقامات پر ٹرانسمیشن سسٹم زیر زمین کرنے پر کام کیا گیا ہے تاہم اسے مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاور ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے صارفین کو متعدد فوائد حاصل ہونگے، جس سے بڑے بریک ڈائون کے مسائل سے بچا جاسکے گا جبکہ بجلی کی لائنوں کو زیر زمین کرنے سے بجلی چوری اور لائن لاسز جیسے مسائل پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔

اگر سسٹم کی بہتری کے لیے فوری اقدامات نہ اٹھائے گئے تو مستقبل میں ایسے مسائل مزید گھمبیر ہونے کا خدشہ ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے مزید کہا کہ توانائی کی پیداوار کے منصوبے جتنی جلد ممکن ہو مکمل کیے جائیں کیونکہ بجلی صنعتوں کا ضروری خام مال ہے ، اس کے بغیر ترقی و خوشحالی اور برآمدات کو فروغ دینے کا خواب شرمندہ تعبیر ہونا ممکن نہیں ہے۔