رومانیہ کے سفیر کی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا سے ملاقات

سیاسی سطح پر دونوں ملکوں کے مابین مضبوط روابط موجودہیں تاہم تجارتی حجم کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، سلیم مانڈوی والا پاکستان کی تاجر برادری اور چیمبر آف کامرس کیساتھ تعاون کے ذریعے تجارت ، سرمایہ کاری اور اقتصادی روابط کے لیے نئی راہیں ہموار کرنا ترجیحات میں شامل ہے، سفیر رومانیہ

بدھ 6 جون 2018 16:58

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پاکستان نے عالمی و علاقائی امن کی خاطر بے شمار قربانیاں دیں ہیں اورعالمی برادری کو چاہیے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی جانب سے دی جانیوالی قربانیوں کو تسلیم کرے۔ انہوں نے ان خیالات اظہار رومانیہ کے سفیر سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات میں کیا۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان رومانیہ کو ایک اہم ملک تصور کرتا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جائے، اگرچہ سیاسی سطح پر دونوں ملکوں کے مابین مضبوط روابط موجودہیں تاہم تجارتی حجم کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری و تجارتی معاونت کے پیش نظر دونوں ملکوں کی عوام کو مزید قریب لایا جاسکے گا۔

(جاری ہے)

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے دونوں ملکوں کے درمیان بین الاقوامی سطح پر بہترین تعاون کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ دوطرفہ تعلقات کو وسعت کی نئی بلندیوں پر لے جانے کی خاطر دونوں ملک تعاون کے لیے نئی راہیں ہموار کریں گے۔ انہوں نے پارلیمانی سطح پر تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا اور کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے باہمی دلچسپی کے امور اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ رومانیہ کے سفیر نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو بتایا کہ پاکستان کی تاجر برادری اور چیمبر آف کامرس کیساتھ تعاون کے ذریعے تجارت ، سرمایہ کاری اور اقتصادی روابط کے لیے نئی راہیں ہموار کرنا رومانیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔