تنظیم ادارہ بحالی مستحقین کے زیر اہتمام بیوٹمز میں رمضان راشن تقسیم

بدھ 6 جون 2018 17:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2018ء) بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ منیجمنٹ سائنسز میں بروز بدھ بیگم ثریا الہ دین کی سربراہی میں تنظیم ادارہ بحالی مستحقین کے زیر اہتمام بیوٹمز کے غریب اور مستحق ملازمین اور دیگر مستحقین مرد و خواتین میں رمضان راشن تقسیم کیا گیا،راشن تقسیم تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بیگم ثریا الہ دین نے کہا کہ تنظیم ادارہ بحالی مستحقین کی ہمیشہ سے ہی یہ کاوش رہی ہے کہ ماہ رمضان میں نعمتوں اور خوشیوں کو مستحق غریب و نادار افراد کے ساتھ بانٹا جائے جبکہ تنظیم ادارہ بحالی مستحقین یہ تمام کام حقوق العباد کے جزبہ کے تحت کر رہی ہے اور یہاں اس امر کی نشاندہی کرنا ضروری ہے کہ یہ راشن زکوةٰ کے پیسوں سے نہیں بلکہ مخیر حضرات کی مالی معاونت سے کیا جاتا ہے انہوں نے بیوٹمز کے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ سب خوش نصیب ہیں کہ آپ کوبیوٹمز جیسا پُر سکون اور حوصلہ افزاء ماحول دستیاب ہے اور میں دعا کرتی ہوں کہ اللہ تعالیٰ بیوٹمز کو وائس چانسلر احمد فاروق بازئی کی سربراہی میں مزید کامیابی سے ہمکنار کرے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر بیوٹمز احمد فاروق بازئی نے سربراہ تنظیم ادارہ بحالی مستحقین بیگم ثریا الہ دین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تنظیم ادارہ بحالی مستحقین کی اس سعادت اور ثواب حاصل کار خیر کا ہم تہہ دل سے خیر مقدم کرتے ہیں جس میںہر سال بیوٹمز کے مستحق ملازمین کو یاد رکھا جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ تنظیم ادارہ بحالی مستحقین کے اس کار خیر میں مزید برکت عطا کرے۔