پی سی بی اور پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کا ایشین گیمز کی تیاریوں کیلئے تربیتی کیمپ عید کے فوری بعد شروع کرنے کا فیصلہ

ْگیمز میں شرکت کیلئے قومی دستے کو حتمی شکل 13جون کو لاہور میں ہونیوالے اجلاس میں دی جائیگی

بدھ 6 جون 2018 17:34

پی سی بی اور پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کا ایشین گیمز کی تیاریوں کیلئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2018ء) ایشین گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے پاکستان سپورٹس بورڈ اور پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کے مشترکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میگا ایونٹ کی تیاریوں کیلئے تربیتی کیمپ عید الفطر کے فوری بعد 20جون سے شروع کرنے سمیت غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کی جائے گی جبکہ گیمز میں شرکت کیلئے قومی دستے کو حتمی شکل 13جون کو لاہور میں ہونیوالے اجلاس میں دی جائے گی ۔

اس بات کا فیصلہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل عارف ابراہیم کی صدارت میں ہونیوالے اجلاس میں کیا گیا جس میں پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کے سیکرٹری جنرل خالد محمود ، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایڈمن منصور احمد خان ، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل اعظم ڈار ، ڈپٹی ڈی جی فنانس راجہ غضنفر جاوید سمیت ایشین گیمز میں حصہ لینے والی کھیلوں کی فیڈریشنز کے عہدداران نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں 18اگست سے انڈونیشیا میں کھیلی جانیوالی ایشین گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے مختلف سفارشات کا جائزہ لیا گیا اور بتایا گیا کہ رواں سال بڑی تعدا د مین مختلف کھیلوں کے تربیتی کیمپس کو پاکستان سپورٹس بورڈ نے اسپانسر کیا جبکہ ایشین گیمز کی تیاریوں کیلئے تربیتی کیمپ 20جون سے شروع کئے جائینگے ۔ اجلاس میں گیمز میں حصہ لینے والی فیڈریشنز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی ٹیموں کے نام سے 18جون تک پاکستان سپورٹس بورڈ کو آگاہ کرئے تاکہ تربیتی کیمپس کیلئے تمام انتظامات کو مکمل کیا جا سکے ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہاکی ، سیلنگ، جو جسٹجو اور ٹین پن بالونگ کیلئے غیر ملکی کوچز کی خدمات لی جائے گی ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ عارف ابراہیم نے تمام سپورٹس فیڈریشنز کو ہدایت کی کہ وہ مالی سال 2018-19کیلئے اپنے بجٹ کی ضروریات اور انٹرنیشنل ایونٹس کی ترجیحات سے سپورٹس بورڈ کو تحریری طور پر آگاہ کریں جبکہ ایشین گیمز کی تیاریوں کیلئے انٹرنیشنل ٹریننگ ٹورز سے بھی آگاہ کیا جائے، ڈی جی سپورٹس بورڈ کا کہنا تھا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کھیلوں کے فروغ اور انٹرنیشنل ایونٹس میں میڈلز لانے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرئے گا ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایشین گیزم کیلئے قومی دستے کو حتمی شکل دینے کیلئے پاکستان سپورٹس بورڈ اور پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کا مشترکہ اجلاس 13جون کو دوبارہ ہو گا ۔