دکھی انسانیت کی خدمت عین عبادت ہے ،گورنرخیبرپختونخوا

بدھ 6 جون 2018 17:49

دکھی انسانیت کی خدمت عین عبادت ہے ،گورنرخیبرپختونخوا
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) گورنر خیبر پختونخوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت عین عبادت ہے جو ادارے خدمت خلق کے لیے خود کو وقف کئے ہوئے ہیں ان کا جذبہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیکی اور رفاع عامہ کے کاموں میں مخیر اور صاحب ثروت افراد اپنا کردار ادا کرکے دنیا اور آخرت سنوار سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے اسلام آباد میں ہاشو فاونڈیشن کے زیراہتمام خصوصی بچوں کے اعزاز میں ایک تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں کنٹری ڈائریکٹر ہاشو فاونڈیشن عائشہ خان، سفارت کاروں، کارپوریٹ سیکٹر کی نمایاں شخصیات ، ہاشو فاونڈیشن کے نمائندوں اور مختلف شعبہ زندگی کی معتبر شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ غربت، افلاس، بے روزگاری اور پسماندگی دور کرنے کے لیے ضروری ہے کہ مستحق و نادار افراد کی ہر ممکن مدد کی جائے اور ایسے پروگراموں میں تعاون کیا جائے جن سے نادار افراد کو اپنے پائوں پر کھڑے ہونے میں مدد مل سکے۔

انہوں نے اس سلسلے میں ہاشو فاونڈیشن کی خدمات کو سراہا جس کے تحت تعلیمی وتربیتی پروگرام کامیابی سے جاری ہیں اور اب تک بڑی تعداد میں مستحق افراد مستفید ہو چکے ہیں۔ اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کا کئی گنا ثواب حاصل ہو تا ہے اور ایسے ادارے جو خلق خدا کی خدمت کے لئے کارہائے نمایاں سر انجام دے رہے ہیں ان کی خدمات کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں۔

انہوں نے سماجی بہبود کے شعبے میں میں قومی جذبے کے ساتھ ایک دوسرے کی مدد سے ان افراد کا سہارا بننا چاہیے جو زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ گورنرخیبر پختونخوا نے ان اداروں اور افراد کے جذبے کو بھی سراہا جو امید نور سے تعاون کر رہے ہیں۔اس موقع پر کنٹری ڈائریکٹر ہاشو فاونڈیشن عائشہ خان نے کہا کہ فاونڈیشن خصوصی بچوں و مستحق افراد کی بہبود کے لیے متعدد منصوبوں پر عمل پیرا ہے جس کا مقصد خود کفیل بنانے کے ساتھ ساتھ بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی ہے ۔

انہوں نے اس موقع پر معیاری تعلیم و تربیت کے لئے امید نور کے پلیٹ فارم سے خصوصی بچوں کی معیاری تعلیم و تربیت کی تفصیلات سے آگاہ اور کہاکہ ہاشو فیملی بلخوص مرتضے ہاشوانی سماجی خدمات میں پیش پیش ہیں ۔ پرنسپل گلنارسلطانہ نے بتایا کہ معذور بچے معاشرہ کا اہم جزو ہیں جنہیں معیار ی تعلیم و تربیت کی سہولیات فراہم کرنے مفید اور کارآمد شہری بنایا جاسکتا ہے اور اس مقصد کے لئے ہاشو فاونڈیشن اپنابھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ اس موقع پر امید نور کے خصوصی بچوں نے خوبصورت ٹیبلوز بھی پیش کئے ۔ #