عراق، 150داعشی جنگجوئوں کو سزائے موت دینے کے لئے بغداد منتقل کر دیا گیا

بدھ جون 17:58

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 جون2018ء) عراقی حکام نے موصل سے گرفتار کئے گئے 150 داعشی جنگجوں کی سزائے موت پرعمل درآمد کی تیاری مکمل کرتے ہوئے انہیں بغداد منتقل کر دیا ہے، مجرمان عراق میں شہریوں کے قتل عام، لوٹ مار، سیکیورٹی اداروں اور سرکاری املاک پر دہشت گردانہ حملوں اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث رہے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراقی حکام نے شورش زدہ شہر موصل سے گرفتار کئے گئے 150 داعشی جنگجوں کو سنائی گئی سزائے موت پرعمل درآمد کی تیاری مکمل کرلی ہے اور انہیں فنا کے گھاٹ اتارنے کے لیے موصل سے بغداد منتقل کر دیا گیا ہے۔

نینوی کی پولیس نے بتایا کہ داعش تنظیم کے سزا یافتہ ڈیڑھ سو جنگجوں کو موصل سے بغداد لے جایا گیا ہے۔عراقی پولیس کے ایک سیکیورٹی ذریعے نے بتایا کہ داعش کے 150 دہشت گردوں کو سخت ترین سیکیورٹی میں موصل سے بغداد منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی سزائے موت پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ سزا یافتہ داعشی جنگجوں نے دوران تفتیش اور مقدمات کے ٹرائل کے دوران عراق کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ یہ تمام دہشت گرد کئی سال تک عراق میں شہریوں کے قتل عام، لوٹ مار، سیکیورٹی اداروں اور سرکاری املاک پر دہشت گردانہ حملوں اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث رہے ہیں۔