میٹرو ٹرین کی کامیاب آزمائش کے بعد باقاعدہ آپریشن جلد شروع کئے جانے کے بارے میں شہریوں کی توقعات میں اضافہ ہوا ہے‘ عبداللہ خان سنبل

منصوبے کا باقی کام طے شدہ ٹائم لائنز کے مطابق جلد از جلد ختم کرنے کیلئے تمام متعلقہ محکمے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں‘ کمشنر لاہورڈویژن

بدھ 6 جون 2018 18:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2018ء) کمشنر لاہور عبد اللہ سنبل نے کہا ہے کہ اورنج لائن منصوبہ سی پیک کا حصہ ہے ، لاہور میں میٹرو ٹرین کی کامیاب آزمائش کے بعد اس کا باقاعدہ آپریشن جلد از جلد شروع کئے جانے کے بارے میں شہریوں کی توقعات میں اضافہ ہوا ہے ،منصوبے کا باقی کام طے شدہ ٹائم لائنز کے مطابق جلد از جلد ختم کرنے کے لئے تمام متعلقہ محکمے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں،منصوبے کا تعمیراتی کام اگست کے آخر تک مکمل کرنے جبکہ الیکٹریکل و مکینکل ورکس نومبر کے آخر تک ختم کرنے کا ہد ف مقرر کیا گیا ہے،شہریوں کی سہولت کو تمام دیگر امور پر ترجیح دی جائے ‘مون سون کی آمد کے پیش نظر منصوبے پر عمل درآمدکے دوران ہیلتھ اینڈ سیفٹی سٹینڈرڈز کی سختی سے پابندی کی جائے -شہر میں جلد از جلد نکاسی آب اور صفائی یقینی بنانے کے لئے محکمہ واسا اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اپنی تیاریوں کو بلا تاخیر حتمی شکل دیں- وہ گزشتہ روز اورنج لائن منصوبے کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس کے دوران منصبوے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا - اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طورپرمنصوبے کا 89فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے -ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا 94.8فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹائون تک پیکیج ٹو کا85.16فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا89.51فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا91.28فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ منصوبے کا74فیصد سے زیادہ الیکٹریکل ومکینیکل ورکس بھی مکمل کر لیا گیا ہے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ جی پی او چوک میں بیرل نمبردو کی کھدائی مکمل ہو نے کے بعد اورنج لائن کاایک سے دوسرے سرے تک 27.1کلومیٹرطویل راستہ بنانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔ 13.77کلومیٹر طویل پیکیج ون کی11.42کلومیٹر حصے پر پٹری بچھا لی گئی ہے جبکہ 13.42کلومیٹرطویل پیکیج ٹو میں10.24کلومیٹر طویل حصے پر پٹری بچھائی گئی ہے ۔

پیکیج ون کے سٹیشنوں پر لگائے جانے والے 77میں سی73 جبکہ پیکیج ٹو کی80میں سے 68 برقی زینے نصب کئے جا چکے ہیں۔ اسی طرح پیکیج ون کے سٹیشنوں پر نصب کی جانے والی 48میںسی46لفٹیںاور پیکیج ٹوکی 52میں سی47لفٹیں بھی لگائی جا چکی ہیں۔ سپریم کورٹ رجسٹری او رجی پی اوکے باہر مین روڈ کی تعمیر کا بڑا کام مکمل ہو چکا ہی- ایل ڈی اے کی طرف سے سینٹ اینڈریو ز چرچ کے اندر مرمت و بحالی کا کام جاری ہے -مزار با باموج دریا کے احاطے میں مسجد کی تعمیر نو کا کام جلد شروع کیا جا رہا ہے -اجلاس میں جنرل منیجر نیسپاک سلمان حفیظ‘چیف انجینئر ٹیپا ایل ڈی اے مظہر حسین خان اور لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس ‘ ریلوے‘ ٹریفک پولیس ‘سول ڈیفنس‘ریسکیو1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نگ کنسلٹنس کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی ۔