خلافت راشدہ کا نظام ہی امت مسلمہ کے مسائل کا حل ہے ‘طاہر محموداشرفی

مسلم امة کو فرقہ وارانہ تشدد کی طرف راغب کرنے والے اسلام اور مسلمانوں کے حقیقی دشمن ہیں‘چیئرمین پاکستان علماء کونسل

بدھ 6 جون 2018 18:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2018ء) خلافت راشدہ کا نظام ہی امت مسلمہ کے مسائل کا حل ہے ، مسلم امة کو فرقہ وارانہ تشدد کی طرف راغب کرنے والے اسلام اور مسلمانوں کے حقیقی دشمن ہیں ، 08 جون کو عالم اسلام میں تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ پر خطبات جمعہ ہوں گے ، غربا، فقراء اور وسائل سے محروم طبقوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کیلئے ہر سطح پر کوششوں کی ضرورت ہے ۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمدطاہر محمود اشرفی نے یوم سیدنا علی ؓ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا شکیل قاسمی ، مولانا اسید الرحمن سعید ، مولانا اسد اللہ فاروق ، مولانا قاری عبد الحکیم اطہر ، مولانا زبیر زاہد بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام مسلمانوں اور غیر مسلوں کے حقوق کا محافظ ہے ، ریاست مدینہ منورہ میں تمام طبقات کیلئے انصاف کا حصول آسان اور ممکن تھا ، پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا لیکن 70 سال گذرنے کے باوجود ابھی تک اسلامی قوانین پاکستان کا مقدر نہیں بنے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان میںا سلامی قوانین ہوتے تو کسی کو جتھہ بندی اور گروہ بندی کر کے پاکستان پر مسلط ہونے کی جرأت نہ ہوتی ۔ انہوں نے کہا کہ آج پاک فوج اور قوم کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں ، پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا ہے اور اسلام کے نام پر ہی قائم رہے گا ، پاکستان کا مقدر خلافت راشدہ کا نظام ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ کی بد قسمتی ہے کہ کسی بھی اسلامی ملک میں خلافت راشدہ کا نظام نہیں ہے اور امت کے مسائل کا سبب بھی یہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کے تحت امت مسلمہ کے مسائل سے آگاہی کیلئے عشرہ تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ منایا جا رہا ہے اور 08 جون کو عالم اسلام میں تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ پر خطبات جمعہ دئیے جائیں گے اور مسلم امة کے مسائل سے آگاہی اور الاقصیٰ اور حرمین الشریفین کے خلاف ہونے والی سازشوں سے آگاہ کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :