ہیپاٹائٹس سی اور معدے کے السر میں مبتلا 15 سالہ لڑکی

یاسمین جب روتی ہے تو آنکھوں سے آنسوؤں کی جگہ خون بہتا ہے۔ والدین اور یاسمین کی حکمرانوں سمیت مخیر حضرات سے مدد کی اپیل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 6 جون 2018 17:59

ہیپاٹائٹس سی اور معدے کے السر میں مبتلا 15 سالہ لڑکی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 جون 2018ء) : لاہور کی رہائشی 15 سالہ یاسمین ہیپاٹائٹس سی اور معدے کے السر کی بیماری میں مبتلا ہے۔ اس بیماری کی وجہ سے یاسمین کی آنکھوں سے آنسوؤں کی بجائے خون بہتا ہے۔ اُردو پوائنٹ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے یاسمین کی والدہ نے بتایا کہ 2014ء کے تیسرے مہینے میں یاسمین اسکول جا رہی تھی ، اس کے پیپرز ہو رہے تھے ، اسکول جاتے ہوئے اس نے اللہ حافظ کہا تو ساتھ ہی سر پکڑ کر نیچے بیٹھ گئی میں اس کی طرف لپکی ، یاسمین نے مجھے چُپ رہنے کا اشارہ کیا جس کے بعد اسے خون کی تین مرتبہ قے ہوئی اور بے ہوش ہوگئی۔

ریسکیو کی مدد سے ہم یاسمین کو گنگا رام اسپتال لے کر گئے جہاں ڈاکٹرز نے اسے 10 دن تک زیر علاج رکھا۔ اس کے بعد ڈاکٹرز نے ہمیں شیخ زید اسپتال بجھیج دیا جہاں 15 دن تک یاسمین کا علاج ہوتا رہا۔

(جاری ہے)

شیخ زید سے بعد میں ہمیں سروسز اسپتال بھیجا گیا ۔ یاسمین کی والدہ نے بتایا کہ اس کے بعد ہم انمول اسپتال ، فاطمہ میموریل اسپتال ، شوکت خانم اسپتال سمیت لاہور کا کوئی اسپتال ایسا نہیں ہے جہاں ہم نے اپنی بیٹی کا علاج نہیں کروایا ۔

ہمارا اپنا گھر تھا جسے بیچ پر ہم نے 18 لاکھ روپے حاصل کیے وہ بھی اس کے علاج پر لگا دئے۔ میرا خاوند مالی کا کام کرتا ہے اور اس کی ٹانگ ٹوٹی ہوئی ہے، میرا بیٹا بھی مالی کا کام کرتا ہے۔ وسائل کم ہونے کے باوجود بھی ہم نے اس کا علاج کروایا ،میری بیٹی روز تڑپتی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ میری بیٹی مر رہی ہے۔ یاسمین پڑھ لکھ کر افسر بننا چاہتی تھی لیکن اس بیماری کی وجہ سے وہ کچھ نہیں کر سک رہی۔

یاسمین کی والدہ نے بیس کروڑ عوام ، مخیر حضرات اور چیف جسٹس سے اپیل کی اور کہا کہ ہماری کچھ مدد کریں۔ اُردو پوائنٹ سے خصوصی گفتگو میں بیمار یاسمین نے کہا کہ میں نویں جماعت کی طالبہ ہوں اور میں پڑھ لکھ کر آرمی افسر بننا چاہتی تھی، میری جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی خواہش تھی ،میں جب بھی آرمی کے لوگ دیکھتی تھی تو میں ان کو بتاتی تھی کہ مجھے راحیل شریف سے ملنے کا شوق ہے۔

اس بیماری میں مبتلا ہوئے مجھے اب پانچواں سال ہے، مجھے چار سال چھ ماہ ہو گئے ہیں ، میں پڑھ لکھ کر اپنے والدین کا سہارا بننا چاہتی تھی لیکن مجھے نہیں پتہ تھا کہ میں اس اسٹیج پر آ جاﺅں گی کہ میرے والدین میرا سہارا بن جائیں گے۔ یاسمین نے کہا کہ میری چیف جسٹس ، ملک ریاض سے شہباز شریف ، نواز شریف اور بائیس کروڑ سے درخواست ہے جو مجھے دیکھ رہے ہیں، جن کو اللہ نے دینے والا بنایا ہے خدارا اس ماہ رمضان اور اپنی اولاد کے صدقے میری مدد کریں کیونکہ میں جینا چاہتی ہوں۔

میں پڑھنا چاہتی ہوں، میں اپنے والدین کا سہارا بننا چاہتی ہوں، میں نے سوچا تھا میں کچھ بن کر غریب لوگوں کی مدد کروں گی ، شہباز شریف بڑے بڑے نوٹس لیتے ہیں، خدارا مجھے بھی دیکھیں اور وقت نکالیں، میرے پاس آئیں تو ان کو احساس ہو گا کہ میں کتنی تکلیف میں ہوں ، میری آنکھوں سے خون آتا ہے تو مجھے لگتا ہے جیسے کسی نے میری آنکھوں میں مرچیں چھڑک دی ہوں، آنکھوں سے خون آنے کا کوئی وقت نہیں ہے، ایسا خاص طور پر تب ہوتا ہے جب کوئی میری بیماری کے بارے میں ، اسکول ٹائمنگ یا ماضی کے بارے میں پوچھتا ہے ، اس وقت اللہ کی طرف سے خود ہی آنکھوں سے خون آنا شروع ہو جاتا ہے میں اس حالت میں ہوتی ہوں تو اکثر کومہ میں چلی جاتی ہے، کئی دن کئی ہفتے تک میں کومہ میں رہتی ہوں، مجھے قے میں بھی خون کے لوتھڑے آتے ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ میرے اندر سے کچھ کٹ کٹ کر باہر آرہا ہے۔

یاسمین کی والدہ نے مخیر حضرات سے مدد کی اپیل کی اور رابطے کے لیے اپنا فون نمبر 03444173709 دیا ۔ انہوں نے اُردو پوائنٹ کے توسط سے اپنا اکاؤنٹ نمبر بھی مدد کے خواہشمند افراد کے لیے شئیر کیا۔ جو مخیر حضرات یاسمین کی مالی امداد کرنا چاہتے ہیں وہ اس اکاؤنٹ نمبر'' PK30ALFH0220001004262371 '' پر پیسے بھیج سکتے ہیں۔ یاسمین کی بیماری اور اس کی تکلیف سے متعلق مزید جاننے کے لیے ویڈیو ملاحظہ کیجئیے: