گولڈن ٹیمپل حملہ، پاکستان میں بسنے والی سکھ برادری کا گوردوارہ ڈیرہ صاحب میں بھارت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

دنیا بھر کے سکھ بھارت کی اس ظلم و بربریت کو کبھی نہیں بھول پائیں گے ،سردار اوتار سنگھ

بدھ 6 جون 2018 18:15

لاہور۔6 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) 1984میں بلو سٹارآپریشن کے ذریعے خالصتان تحریک کو ختم کرنے کی غرض سے بھارتی فوج کی جانب سے سکھ مذہب کی مرکزی عبادت گاہ گولڈن ٹیمپل پر حملے اور سینکڑوں مرد و خواتین کی ہلاکت کی یاد میں پاکستان میں بسنے والی سکھ برادری کے سینکڑوں افراد کا گوردوارہ ڈیرہ صاحب میں بھارت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور بھارتی حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی و خالصتان زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے ، احتجاجی مظاہرہ کی قیادت سردار اوتار سنگھ سنگھیڑہ لندن ،سابق پردھان سردار بشن سنگھ ،سردار مہندر سنگھ ،سردار ترن سنگھ ،سردار کلدیپ سنگھ ،سردار سربت سنگھ ،صوبہ سنگھ ،بلونت سنگھ سمیت دیگر سکھ افراد جن میں مرد و خواتین بوڑھے بچے شامل تھے کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر مظاہرین سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار اوتار سنگھ سنگھیڑا نے کہا کہ دنیا بھر کے سکھ بھارت کی اس ظلم و بربریت کو کبھی نہیں بھول پائیں گے اور ہمارے آنے والی نسلیں بھی گولڈن ٹیمپل پر حملے اور سینکڑوں بے گناہ ہلاکتوں پر سراپا احتجاج ہوں گی اور خالصتان تحریک کامیابی سے ہمکنار ہو گی، ہم بھارت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں گے، نہتے افراد پر ظلم کو دنیا کی تاریخ کبھی بھلا نہیں پائے گی ، سابق پردھان سردار بشن سنگھ نے کہا کہ بھار ت نے جس طرح ہماری عبادت گاہ کی بے حرمتی کی اور ہمارے سینکڑوں افرا د کا نا حق خون بہایا ،اس پر ہم سراپہ احتجاج ہیں اور یہ احتجاج کبھی ختم نہیں ہو گا اور خالصتان کی تحریک کبھی رک نہ پائے گی ، سردار مہندر سنگھ ترن سنگھ سروت سنگھ و دیگر نے بھی بھارتی حکومت کے اس ظالمانہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ظلم و ستم ہماری تحریک اور آواز حق کو کبھی ختم نہ کر پائیں گے، مظاہرین نے مختلف پلے کارڈز جس پر بھارت مخالف نعرے ،گولڈن ٹیمپل کے حملے میں مارے گئے افراد کی تصاویر تھیں، اٹھا رکھے تھے اور بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں ۔