ماہ رمضان کے اختتام ، آنیوالی عیدالفطر اور موجودہ حالات کے پس منظر آئی جی پی خیبرپختونحوا کی متعلقہ افسران کو ہدایت جاری

لوڈ شیڈنگ کے نتیجے میں کئے جانیوالے عوامی احتجاج اور جلوسوں کی سخت نگرانی کی جائے ،صلاح الدین خان محسود

بدھ جون 19:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 جون2018ء) انسپکٹرجنرل آف پولیس خیبرپختونحوا صلاح الدین خان محسود نے تمام اعلیٰ پولیس حکام بالخصوص ڈی پی اُوز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ رمضان المبارک کا اختتامی سفر قریب آرہاہے ،آنیوالی عیدالفطر موجودہ حالات کے پس منظر میں ہم سب سے اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کا تقاضہ کرتی ہے، دہشت گردی کی دم توڑتی لہر کیساتھ ساتھ رمضان المبارک کے دوران ہونے والی لوڈ شیڈنگ کے نتیجے میں کئے جانیوالے عوامی احتجاج جیسے واقعات میں پولیس کو اپنی ذمہ داریوں کا پورا پورا ادراک ہے جس سے عہدہ برآہونے کے لیے دن رات کی سخت محنت، ٹیم ورک بہتر عوامی رابطے اور بہترین حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

جاری کردہ ہدایت میں کہا گیا کہ یقینا آج فورس کی عزت اور وقار میں جو اضافہ ہوا ہے وہ سب پولیس فورس کی بیش بہا قربانیوں کیوجہ سے ہے جن کے ہر رینک کے افسر و جوان نے ایک دوسرے سے بڑھ کر قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، لوڈ شیڈنگ کے نتیجے میں کئے جانیوالے عوامی احتجاج اور جلوسوں کی سخت نگرانی کی جائے،،رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بھی فورس کے افسران و جوانان فرائض کی ادائیگی کے دوران خندہ پیشانی سے عوامی خدمت سے سرشار فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے 24گھنٹے چوکس ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بالخصوص 27رمضان اور عیدالفطرکے موقع پر ہمیں ڈیوٹی کے دوران جام شہادت نوش کرنیوالے پولیس اہلکاروں کے اہل وعیال/ورثاء کو نہیں بھولنا چاہیئے۔ تمام پولیس افسران اپنے اپنے حدود میں پولیس شہداء کے واقع گھروں میں رمضان تحائف اور عید تحائف کیساتھ خود حاضرہوکر ان ایام کی فضیلت اور خوشیوں میں ان کیساتھ شریک ہوجائیں تاکہ وہ اپنے آپ کو تنہا محسوس نہ کر سکیں۔

اس کیساتھ ساتھ زیر علاج زخمی پولیس جوانوں کی عیادت بھی پولیس فورس کے تحائف کے ساتھ کریں،اس موقع پر ہمیں دہشت گردی کا مکمل صفایا کرنے اور حکومتی رٹ کے قیام کے لئے یہ عہد بھی کرنا ہوگا کہ ملک و قوم کی خدمت کے لیے پہلے کی طرح آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے مجھے یقین ہے کہ آپ اور آپ کا ماتحت عملہ صوبہ میں امن و آمان کے قیام اور یہاں کے عوام کے جان و مال، عزت و آبرو کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں شہادت کے جذبے کو پروان چڑھائیں گے۔

اور آئندہ بھی ٹیم ورک اور عوام کے ساتھ رابطہ مستحکم کرکے صوبے میں مثالی امن کے قیام کو یقینی بنا کر خیبر پختونخوا پولیس کے درخشندہ روایات کو سربلند رکھیں گی اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بطریق احسن سرانجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔