زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں نئے تعلیمی سیشن سے پی ایچ ڈی کمپیوٹر سائنسز کے نئے ڈگری پروگرام اور پی ایچ ڈی ایگری بزنس کے دوبارہ اجراء کی منظوری دے دی

بدھ 6 جون 2018 19:46

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2018ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں نئے تعلیمی سیشن سے پی ایچ ڈی کمپیوٹر سائنسز کے نئے ڈگری پروگرام اور پی ایچ ڈی ایگری بزنس کے دوبارہ اجراء کی منظوری دے دی گئی۔ یونیورسٹی کے نیو سینٹ ہال میں وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفر کی زیرصدارت منعقد ہونے والے اکیڈمک کونسل اجلاس میں کلیہ بنیادی سائنسز کے شعبہ بائیو کیمسٹری کو انسٹی ٹیوٹ آف بائیو کیمیکل سائنسز اور کلیہ زراعت کے شعبہ ایگرانومی کو انسٹی ٹیوٹ آف ایگرانومی کے طور پر ترقی دینے کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں انڈرگریجوایٹ ڈگری پروگرام اور انٹرمیڈیٹ پری ایگریکلچرکیلئے نشستوں کی تقسیم اور کلیہ ویٹرنری سائنس میں ڈیپارٹمنٹ آف ایپی ڈمالوجی و پبلک ہیلتھ قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی جبکہ بی ایس سی ہیومن نیوٹریشن و ڈائی ٹیٹکس میں انٹرنیشنل طلبہ کیلئے مخصوص نشستوں کی تعداد کو 1سے بڑھا کر 5کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

اکیڈمک کونسل نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق ایم ایس سی (آنرز)‘ ایم فل اور ایم ایس میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ کے شیڈول کی بھی منظوری دی جس کے مطابق چیئرمین اور ڈائریکٹرکی سطح پر پہلا ٹیسٹ 2جولائی جبکہ دوسرا 27جولائی کو منعقد ہوگا۔

اجلاس میں انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ سائنسز میں ایم ایس فنانس کی نئی سپیشلائزیشن بی بی اے ڈگری پروگرام میں لیبارٹری کالج سسٹم کے طلبہ کیلئے 5نشستیں مختص کرنے کی بھی منظوری دی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے کہا کہ یونیورسٹی میں زیرتعلیم نوجوان ہماری پہلی ترجیح ہیں اور ان کی سہولت کیلئے خاطر خواہ اقدامات بروئے کار لانا ہماری اولین ذمہ داری ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ امسال یونیورسٹی کو 80سال سے زائد عمر کے پنشنرزکوواجبات کی ادائیگی کیلئے 449ملین روپے درکار ہونگے جس کی وجہ سے اخراجات میں ہر ممکن بچت کو یقینی بنانے کیلئے یونیورسٹی سٹاف انتظامیہ کی معاونت کرے۔ حال ہی میں 75کروڑ روپے کا پنشن انڈومنٹ فنڈ قائم کر دیاگیا ہے جس سے پنشن واجبات کی ادائیگی میں آسانی پیدا ہوگی

متعلقہ عنوان :