لاہور،انار کلی کے تاجروںکا چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

واضح احکامات کے باوجود پولیس پٹرولنگ نہیں کرتی ، عید الفطر کے بعد ہڑتال کرنگے : اشرف بھٹی

بدھ 6 جون 2018 20:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2018ء) صوبائی دارالحکومت کے معروف تجارتی مرکز انار کلی کے تاجروں نے چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ، تاجروں نے احتجاج کے باوجود پولیس کی جانب سے وارداتوں کے تدارک کیلئے اقدامات نہ کرنے پرعید الفطر کے بعد ہڑتال کرنے کا اعلان کر دیا ۔

(جاری ہے)

آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے بتایا کہ انار کلی میں لاکھوں روپے مالیت کی چوری کی متعدد وارداتیں ہو چکی ہیں لیکن ابھی تک پولیس کی جانب سے ان کا سراغ نہیں لگایا جا سکا ۔

انہوں نے کہا کہ افسران کی جانب سے متعلقہ پولیس کو واضح احکامات ہیں کہ انار کلی ایک بڑا تجارتی مرکزہے یہاں پر پیٹرولنگ کی جائے لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہوتا ۔ انار کلی میں واقع دکان میں ایک روز قبل نقب لگا کر 15سے 20لاکھ روپے مالیت کی چوری کر لی گئی جس سے تاجروں میں بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے مطالبے کی شنوائی نہیں ہو رہی اس لئے تاجروں نے فیصلہ کیا ہے کہ عید الفطر کے بعد چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف ہڑتال کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :