متحدہ مجلس عمل نے اسلامی ، عوامی ، فلاحی اور انقلابی منشور قوم کے سامنے پیش کردیاہے ،لیاقت بلوچ

عوام اعتماد دیں اورووٹر اسلامی نظریہ کو ترجیح دیں تو تمام طبقات کو عزت و وقار ملے گا،عوامی افطاری سے خطاب

بدھ 6 جون 2018 20:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2018ء) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کلفٹن کالونی این اے 130 میں عوامی افطاری کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ متحدہ مجلس عمل نے اسلامی ، عوامی ، فلاحی اور انقلابی منشور قوم کے سامنے پیش کردیاہے ۔ نظام مصطفیؐ کا قیام ، قومی آزادی اور وحدت کا تحفظ ، اسلام کا نظام عدل ، معاشی خوشحالی ، زراعت کی ترقی ، خواتین ، طلبہ ، نوجوانوں اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور ملک میں فرقہ وارانہ تعصبات کا خاتمہ متحدہ مجلس عمل کی منزل ہے ۔

عوام اعتماد دیں اورووٹر اسلامی نظریہ کو ترجیح دیں تو تمام طبقات کو عزت و وقار ملے گا ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان کی نظریاتی ، جغرافیائی سرحدوں اور قومی آزادی و خود مختاری کی حفاظت کے لیے محبان دین ووٹرز کو متحد ہوناہوگا ۔

(جاری ہے)

بے مقصد حمایت اور مخالفت کی سیاست ناکام ہو گئی ہے ۔ 2018 ء کے انتخابات ظالم اور مظلوم ، اسلامی نظریہ اور سیکولر نظریہ کے درمیان مقابلہ ہے ۔

انٹر نیشنل اسٹیبلشمنٹ کو عوامی طاقت سے شکست دیں گے ۔ پاکستان کو خود انحصاری ، ترقی و خوشحالی کی تمام بنیادیں حاصل ہیں ۔ سنجیدہ ، اہل ، دیانتدار ، قومی مفادات کی وفادار قیادت ہی بحرانوں سے نجات دلائے گی ۔ قرضوں کی معیشت کے خاتمہ ، خود کفالت اور کرپشن فری پاکستان کے ہدف کے لیے ٹھوس اقدامات کریں گے ۔ لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں سیاسی رہنماسابق سینیٹر آصف وردگ سے ملاقات کی ، ملکی حالات پر تبادلہ خیال اور ایم ایم اے کی انتخابی مہم کے امور پر بات ہوئی