گورنرسندھ نے ایمبولینس اور میت گاڑی کی چابیاں حاجی حنیف طیب کے حوالے کردیں

مخیر حضرت شکیل خان کی جانب سے ایمبولینس اور صنعت کار سردار یاسین ملک نے میت گاڑی المصطفی سوسائٹی کو عطیہ کیں

بدھ 6 جون 2018 20:32

گورنرسندھ نے ایمبولینس اور میت گاڑی کی چابیاں حاجی حنیف طیب کے حوالے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے گورنرہائوس میں مخیر حضرات شکیل خان کی جانب سے ایمبولینس اور معروف صنعت کار سردار یٰسین ملک کی طرف سے دی جانے والی میت گاڑی کی چابیاں المصطفیٰ سوسائٹی کے چیئر مین حاجی حنیف طیب کے حوالے کیں۔ علاوہ ازیں گورنرسندھ محمد زبیر نے المصطفیٰ سوسائٹی کے زیر کفالت ’’میرا گھر ‘‘ میں رہائش پذیر یتیم بچوںکے لئے گورنرہائوس میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا جس میں 50 سے زائد بچوں اور سوسائٹی کے مددگار مخیر حضرات نے شرکت کی ۔

تقریب سے خطاب میں گورنرسندھ نے کہا ہے کہ یتیم ، مسکین ، بے سہارااور نادار افراد کی کفالت انسانی خدمت کے افضل ترین درجہ پر فائز ہے اس کی اہمیت و افادیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اس سے بڑی کوئی نیکی نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سماجی بھلائی کی تنظیمیں عوام کو سہولیات کی فراہمی میں حکومت کی مدد گار اور معاون ہیں ، یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت نہ صرف ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے بلکہ بے انتہا ثواب کا باعت بھی ہے اس ضمن میں المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی بے سہارا بچوں کی عصر حاضر کے مطابق تربیت ، رہائش کے انتظام ، خوراک اور انسانی ضروریات کی فراہمی میں اہم انسانی خدمت پر معمور قابل تحسین ادارہ ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کی اس تقریب میں شرکت کی دعوت اور میزبانی کا موقع دینے پر میں سوسائٹی کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں کیونکہ ان بچوں کو گورنر ہائوس میں مدعو کرنا میرے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے،ان بچوں کی مسرت میرا قیمتی اثاثہ ہے ۔ گورنرمحمد زبیر نے کہا کہ المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی معاشرہ کے ضرورت مند اور نادار طبقات کو تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی میں بے مثالی خدمت کررہی ہے ان دو شعبوں کے علاوہ سماجی خدمت میں بھی سوسائٹی کا ملکی و بین الاقوامی سطح پر نمایاں کردار ہے ، میں نے المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کو بڑے قریب سے دیکھا ہے اور میں اس کی کارکردگی سے متاثر ہوا ہوں ، بلاشبہ سوسائٹی کے روح ِ رواں حاجی حنیف طیب ہمہ جہت شخصیت کے مالک ہیں ، ان کی ذاتی دلچسپی اور جوش و خروش کے باعث سوسائٹی تینوں شعبوں میں بہترین کام کررہی ہے ، حاجی حنیف طیب کی شخصیت ہمارے معاشرہ کے لئے لائق تقلید مثال ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ یتیم بچوں کی رہائش کے لئے ’’ میرا گھر ‘‘ منصوبہ المصطفیٰ سوسائٹی کا ایک اہم کارنامہ ہے جس کا گذشتہ برس میں نے افتتاح کیا تھا ، سوسائٹی کی جانب سے ضعیف العمر افراد کے لئے رہائش کا قیام بھی خوش آئند ہے ، میں المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتاہوں ۔گورنرہائوس میں دیئے گئے افطار ڈنر میں گورنرسندھ نے بچوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان میں گھل مل گئے ، بچوں نے اپنے درمیان گورنرسندھ کو دیکھ کر مسرت کا اظہار کیا، بچوں نے اپنی کفالت ، تعلیم، دیکھ بھال اور طبی سہولیات کے بارے میں گورنرسندھ کو بتاتے ہوئے کہ ادارہ میں ان کی بہت اچھی دیکھ بھال ہوتی ہے انھیں گھر جیسا ماحول اور ماں باپ کی شفقت اور پیار ملتا ہے ۔

گورنرسندھ نے کہا کہ میری دعا ئیں آپ کے ساتھ ہیں مجھے امید ہے کہ آپ سب معاشرہ کا قیمتی اثاثہ ثابت ہوں۔افطار ڈنر میں بچوں نے قرآن پاک کی تلاوت اور نعت رسول کریم ﷺ بھی پیش کی ۔

متعلقہ عنوان :