انتخابات میں عوام نے موقع دیا تو کراچی سمیت سندھ کو لاہور اور پنجاب بنا دینگے‘شہبازشریف

سندھ کے عوام ترقی اور خوشحالی کے لئے آپ کی ولولہ انگیز قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں‘ شاہ محمد شاہ شہبازشریف نے عوام کی خدمت کیلئے دن رات ایک کر کے لوگوں کے دل موہ لئے‘سینیٹر سلیم ضیاء

بدھ 6 جون 2018 20:48

انتخابات میں عوام نے موقع دیا تو کراچی سمیت سندھ کو لاہور اور پنجاب ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد شہبازشریف سے مسلم لیگ(ن) سندھ کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والے وفدمیں مسلم لیگ (ن) سندھ کے صوبائی صدر شاہ محمد شاہ اور جنرل سیکرٹری سینیٹر سلیم ضیاء شامل تھے۔ مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام ترقی اور خوشحالی کے لئے آپ کی ولولہ انگیز قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

پنجاب نے آپ کی قیادت میں حیرت انگیز ترقی کی ہے اور یہ ترقی سندھ اور دیگر صوبوں کیلئے رول ماڈل کی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر سلیم ضیاء نے کہا کہ شہبازشریف نے عوام کی خدمت کے لئے دن رات ایک کر کے لوگوں کے دل موہ لئے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہبازشریف نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کوشاں ہے اور کوشاں رہے گی۔

سندھ کے حکمرانوں نے کراچی اور اپنے صوبے کے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی،اسی لئے کراچی سمیت سندھ اپنی بربادی پر نوحہ کناں ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ اور کراچی کے دورے کرکے میں نے وہاں کی حالت زار دیکھی جس سے بے حد دکھ ہوا۔ انتخابات میں عوام نے موقع دیا تو کراچی سمیت سندھ کو لاہور اور پنجاب بنا دیں گے۔