ڈپٹی کمشنر مردان محمد عثمان محسود نے بجلی کی کم وولٹیج ، غیر اعلانیہ اور مسلسل لوڈ شیڈنگ کا سختی سے نوٹس لیا

بدھ 6 جون 2018 20:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر مردان محمد عثمان محسود نے بجلی کی کم وولٹیج ، غیر اعلانیہ اور مسلسل لوڈ شیڈنگ کا سختی سے نوٹس لیا ہے ۔ اس سلسلے میں ایک ہنگامی اجلاس ڈپٹی کمشنر مردان کی سربراہی میں انکے دفتر میں منعقد ہوا۔ جس میں سپرنٹنڈنٹ پولیس (اپریشنز )مردان گل نواز خان ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مردان قاسم علی خان کے علاوہ واپڈا کے متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

اس موقع پر ڈی سی مردان نے کم وولٹیج اور ناقابل برداشت غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیسکو اتھارٹیز کی طرف سے ہر گھنٹے بعد مسلسل لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے اور وولٹیج انتہائی کم ہے اس کے ساتھ ساتھ دیہاتی علاقوں میں تو کئی گھنٹوں سے بجلی غائب رہتی ہے جس کی وجہ سے عوام کو انتہائی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر مردان نے پیسکو اتھارٹیز کو سختی کیساتھ ہدایت کی کہ وہ گرمی کے اس موسم میں جتنا ہوسکے لوڈ شیڈنگ میں کمی کرنے کی کوشش کریں۔ اور ہر گھنٹے بعد مسلسل لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے اسکے علاوہ تمام علاقوں کے لوڈ کو تقسیم کرکے لوڈ شیڈنگ کے اوقات مقرر کئے جائے۔ تاکہ عوام اس سے باخبر ہو ۔ ڈپٹی کمشنر مردان نے کہا کہ عوام کی خدمت اور انکو سہولیات فراہم کرنا ہمارا فرض ہے اور اس پر پیسکو اتھارٹیز کو سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی۔