تیسرے عشرے کے آغاز کے ساتھ ہی عید خریداری نے زور پکڑ لیا

خواتین جیولری کاسمیٹکس اور مہندی وغیرہ ،مرد حضرات جوتوں اور کپڑوں کی خریداری میں مصروف

بدھ 6 جون 2018 21:01

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) رمضان المبارک کے تیسرے عشرے کے آغاز کے ساتھ ہی عید خریداری نے زور پکڑ لیا ،افطار کے بعد بازار خریداروں سے کھچا کھچ بھر گئے ،مہندی ،چوڑیوٓں کے خصوصی سٹالز نے سڑکیں سکیڑ دیں ،ٹریفک جام کے واقعات میں اضافہ ہو گیا ۔اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق رمضان المبارک کے تیسرے عشرے کے آغاز کے ساتھ ہی شہریوں کی بڑی تعداد نے عید خریداری کے لیے تجارتی مراکز کا رخ کر لیا ہے اور بچے بڑے اور خواتین عید خریداری میں مصروف رہے ۔

(جاری ہے)

شہریوں نے اے پی پی کو بتایاکہ سرکاری و نجی شعبہ کے ملازمین کو تنخواہیں ملنے کے بعد اب عید خریداری ضروری تھی ۔شہریوں نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ عید خریداری کے حوالے سے خواتین جیولری کاسمیٹکس اور مہندی وغیرہ جبکہ مرد حضرات جوتوں اور کپڑوں کی خریداری میں مصروف ہیں ۔خریداری کرتی خواتین کی بڑی تعداد نے گرانی کو کم خریداری کی وجہ قرار دیا اور بتایاکہ بچوں اور بڑوں کے لیے ریڈی میڈ کپڑوں کی خریداری ہی ممکن تھی کیونکہ ٹیلرز نے نئی بکنگ ختم کر دی ہے ۔ بدھ کو سیٹلائٹ ٹائون ،کمرشل مارکیٹ ، صدر بازار ،راجہ بازار ،موتی بازار ،ٹنچ بھاٹہ ،صادق آباد ،لالکڑتی سمیت دیگر تجارتی مراکز میں رات گئے تک خریداروں کا رش رہا ۔