وزیر اعظم کے نوٹس کے باوجود بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری، شہریوں کی مشکلات کا ازالہ نہ ہو سکا

بدھ 6 جون 2018 21:01

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) نگران وزیر اعظم کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے نوٹس لینے کے باوجود بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا اور شہریوں کی مشکلات کا ازالہ نہ ہو سکا ۔ راولپنڈی شہرو کینٹ اور مضافاتی علاقوں ٹاہلی موہری ،کمال آباد،خیابان میراں بخش ،اسلم مارکیٹ ،فیصل کالونی ،ٹنچ بھاٹہ ،صادق آباد ،آریہ محلہ ،شکریال ،چکلالہ ،رحمت آباد ،ڈھوک سیداں ،صدر ،بابو محلہ ،چکری روڈ ،لالہ رخ کالونی ،بہار کالونی ،اشرف کالونی ،بنک کالونی ،مدینہ ٹائون ،گرجا ،قائد اعظم کالونی کے مکینوں نے اے پی پی کو بتایاکہ اکثر علاقوں میں ہر گھنٹے بعد بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے ۔

شہریوں نے قومی خبر رساں ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ سسٹم میں اضافی بجلی کی موجودگی کے دعوئوں کے برعکس بجلی کی ہر پل آنکھ مچولی اور 10گھنٹے تک جا پہنچنے والی لوڈ شیڈنگ سے صورتحال الگ ہی نظر آتی ہے ۔

(جاری ہے)

شہریوں نے بتایاکہ معمول کی لوڈ شیڈنگ کے ساتھ ساتھ وقت بے وقت بجلی کا جانا معمول بن چکا ہے ۔شہریوں نے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایاکہ بجلی کی آنکھ مچولی کی وجہ سے پانی کی قلت کا مسئلہ بھی شدت اختیار کر گیا ہے ۔

دوسری جانب تجارتی مراکز میں بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے جنریٹرز اور یو پی ایس کا استعمال بھی بڑھ گیا ہے ،ٹیلرز نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ بجلی کی غیر معمولی بندش کی وجہ سے ان کے کام میں شدید تعطل آگیا ہے جس کی وجہ سے وہ آرڈرز کی بروقت ترسیل کے قابل نہ ہو سکیں گے ۔ شہریوں نے بتایاکہ بجلی کی بندش کے باعث مجموعی طور پر کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیاہے ۔شہریوں نے نگران حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجلی کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرایا جائے اور سسٹم میں اضافی بجلی کی موجودگی کے حوالے سے حقائو عوام کے سامنے لائے جائیں۔tca/mhn/msc1834