پولیس گورنمنٹ پرائمری اسکول کسکی کے چوکیدار کے قاتل گرفتار نہ کرسکی، مقتول کے ورثاء کا پولیس کے خلاف احتجاج

بدھ 6 جون 2018 21:53

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) پولیس گورنمنٹ پرائمری اسکول کسکی کے چوکیدار کے قاتل گرفتار نہ کرسکی۔مقتول کے ورثاء نے پولیس کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔20روز قبل اراضی کے تنازعہ پر گورنمنٹ پرائمری اسکول کسکی کے چوکیدار تنویرکوفائرنگ کرکے قتل کردیاگیاتھا۔ ورثاء کی دعویداری پر تھانہ حویلیاں میں دلدار ولد میر عالم اور اس کے تین بیٹوں ذوالفقار، شفیق اور مصطفی کیخلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔

ایف آئی آر کے اندراج کے بعد دلدار اور اس کے بیٹے ذوالفقار نے عبوری ضمانتیں کروارکھی ہیں۔ مقتول چوکیدار تنویر کے ورثاء کا کہناہے کہ ملزمان کی جانب سے ہمیں قتل کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ان لوگوں کی فائرنگ کے دوران عقیل فیصل ولد علی بہادر، محمد یونس ولد محمد یوسف معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔

(جاری ہے)

ان لوگوں کیساتھ ہمارا اراضی کا تنازعہ تھاجوکہ جرگے میں حل ہوگیاتھا۔

تھانہ حویلیاں کے اہلکار ملزمان کی گرفتاری میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہے اور نہ ہی ان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ہم لوگ اپنے طور پر ملزمان کا سراغ لگا کر پولیس کو بتاتے ہیں۔ لیکن ملزمان پولیس کے چھاپے سے قبل ہی فرار ہو جاتے ہیں۔ ہماری ڈی آئی جی ہزارہ رینج سے اپیل ہے کہ تنویر قتل کیس میں مفرور ملزمان کی جلدازجلد گرفتاری یقینی بنائی جائے۔ اور متاثرہ خاندان کو تحفظ فراہم کیاجائے۔