انتخابات 2018ء میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے حصول اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری

مختلف علاقوں سے ریٹرننگ افسران سے خواجہ سرائوں کی جانب سے بھی کاغذات نامزدگی حاصل کئے گئے

بدھ 6 جون 2018 21:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2018ء) آئندہ عام انتخابات 2018 ء کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے میں 2دن باقی رہ گئے ہیں، ملک بھر میں آئندہ عام انتخابات 2018ء میں حصہ لینے کے خواہش مند امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے حصول اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ بدھ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے ترمیم شدہ جاری شیڈول کے تحت تیسرے روز بھی ریٹرننگ آفیسران سے مختلف امیدواروں اور ان کے نمائندوں کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے حصول کا سلسلہ جاری رہا جبکہ بعض حلقوں میںامیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کاسلسلہ شروع ہو چکا ہے ۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف کی جانب سے این اے 127 لاہور سے کاغذات نامزدگی لئے گئے۔

(جاری ہے)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تین نشستوں پر اب تک 143 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی وصول کئے گئے ہیںجبکہ 4امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں۔مختلف علاقوں سے ریٹرننگ آفیسران سے خواجہ سرائوں کی جانب سے بھی کاغذات نامزدگی حاصل کئے گئے ہیں۔

کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 8 جون مقرر کی گئی ہے جس کے بعد 14 جون تک ان کی جانچ پڑتال کی جائے گی ۔ ریٹرننگ آفیسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 19 جون تک دائر ہوں گی۔ ایپلٹ ٹربیونل کی جانب سے یہ اپیلیں 26 جون تک نمٹائیں جائیں گی جس کے بعد امیدواروں کی نظر ثانی فہرست 27جون کو جاری کی جائے گی۔ کاغذات نامزدگی 28جون کوواپس لئے جائیں گے جبکہ امیدواروں کو انتخابی نشان 29جون کو الاٹ کئے جائیں گے اور پولنگ 25جولائی کو ہو گی۔