ْحضور نبی اکرؐ نے امام علیؓ کرم اللہ وجہہ کو شہر علم کا دروازہ قرار دیا‘ڈاکٹر طاہرالقادری

خارجی ذہنیت غلط بحثوں کے ذریعے امت مسلمہ کو تقسیم کرنے کے در پے ہے‘شہر اعتکاف میں خطاب

بدھ 6 جون 2018 21:53

ْحضور نبی اکرؐ نے امام علیؓ کرم اللہ وجہہ کو شہر علم کا دروازہ قرار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2018ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ ملت اسلامیہ کے اتحاد کے دشمن بے مقصد بحثوں کا آغاز کر کے نئی نسل کو گمراہ اور عالم اسلام کے اتحاد کو نقصان پہنچارہے ہیں، آپ ؐ نے حضرت امام علیؓ، حضرت امام حسنؓ، حضرت امام حسینؓ اور سیدہ فاطمہؓ کو اپنی کملی میں لے کر امام علیؓ کے اپنے اہل سے ہونے کا اعلان فرمایا، حضور ؐ نے فرمایا میں تم میں دو بڑی اہمیت اور قدرومنزلت کی چیزیں چھوڑ کر جارہا ہوں، ایک قرآن اور دوسری میری عطرت یعنی اہل بیت ۔

منہاج القرآن کے زیر اہتمام انعقاد پذیر شہر اعتکاف میں ہزاروں معتکفین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ نبی اکرم ؐنے اہل بیت کی محبت اجاگر کرنے اور ایمان کا حصہ بنانے کیلئے اہل بیت کے احترام اور محبت کو قرآن کے ساتھ جوڑ کر اعلان کر دیا کہ خبردار اہل بیت کی اہمیت قدر ،محبت میں کوئی کمی نہ کرنا جبکہ امام علیؓ آپ کے اہل بیت میں سے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ جید صحابہ کے مابین مقام و مرتبہ کے تعین کی فضاء پیدا کرنے کا فتنہ سر اٹھارہا ہے، اس فتنے کا علمائے حق ابھی سے سر کچل دیں اور امت کو فرقہ بازی کی آگ سے محفوظ کریں، انہوں نے کہا کہ آج اہل بیت کی محبت دلوں میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ خارجی ذہنیت کو روکا جا سکے، انہوں نے کہا کہ قابل افسوس امر ہے کہ آج مختلف طریقوں سے عقیدہ اہلسنت پر حملہ کیا جاتا ہے اور اہل بیت اطہار سے محبت کو شیعیت کہا جاتا ہے اور فتوئوں کے ذریعے عوام، علمائے حق کو بھی متزلزل کیا جاتا ہے تاکہ وہ محبت اہل بیت میں بات کرتے ہوئے ہچکچاہٹ محسوس کریں، محبت اہل بیت کو متنازعہ بنانے کیلئے بڑے غیر محسوس انداز میں وار کیے جاتے ہیں اور بعض اوقات دیگر صحابہ کرامؓ کو ان کے مقابلے میں لا کر درست اور غلط ہونے کی بحث کا راستہ ہموار کیا جاتا ہے، یہ ظلم ہے اور اتحاد امت کے خلاف ایک سازش ہے اور عقیدہ اہلسنت کو بدنام کرنے کی مذموم حرکت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ؐ کے فرامین کے مطابق اور خلفائے راشدین و جید صحابہ کرام ، تابعین، تبع تابعین اور اسلاف اہل سنت والجماعت کے مطابق اہل بیت کی محبت کو زندہ کر کے عظمت، شان اور تکریم مصطفیؐکی پہرہ داری کی جائے۔دریں اثناء اعتکاف کے پہلے روز شدید طوفانی بارش کے باوجود چند گھنٹوں کے اندر اندر انتظامات مکمل کر لیے گئے اور ہزاروں معتکفین کی بروقت افطاری کا اہتمام کیا گیا اور سربراہ عوامی تحریک نے وقت مقررہ پر شان اہل بیت پر روشنی ڈالی۔