عوام کی ترقی و خوشحالی کے مخالف ن لیگ کی مقبولیت سے خوف زدہ ہیں ‘پرویز ملک

نیازی نے سیاست میں گالم گلوچ کے کلچر کو پروان چڑھایا، اب صوبے میں بدترین کارکردگی پر جھوٹ بول رہے ہیں‘عمران نذیر

بدھ 6 جون 2018 21:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر و سابق وفاقی وزیر محمد پرویز ملک و جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہر دور میں عوام کی بے لوث خدمت کے ریکارڈ قائم کئے ہیں خدمت کے اس تسلسل کو آئندہ بھی جاری رکھیں گے،دھرنا گروپ نے عوام کی ترقی کی راہ میں رخنہ ڈالنے کا ناقابل معافی جرم کیا ہے ۔

اان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے اپنے انتخابی حلقوں میں الیکشن مہم کے سلسلہ میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرارکان اسمبلی غزالی سلیم بٹ،چوہدری شہباز، سید توصیف شاہ،عامر خان،جاوید اقبال ،چوہدری عبدالمجید چن نمبردار سمیت دیگر بھی موجود تھے۔انہوںنے کہاکہ عوام کی ترقی و خوشحالی کے مخالف یہ لوگ مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت سے خوف زدہ ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کے باشعور عوام منفی سیاست کے علمبرداروں کو آئندہ الیکشن میں کسی صورت ووٹ نہیں دیں گے کیونکہ نیازی صاحب نے سیاست میں گالم گلوچ اور ناشائستگی کے کلچر کو پروان چڑھایا ہے اور اپنے صوبے میں بدترین کارکردگی دکھانے والے صرف جھوٹ کی سیاست کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعت سے اس کا سربراہ جینے کا حق چھین لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی خالق نے پارلیمنٹ کے بتائے ہوئے قانون کو ختم کر دیا۔ ماضی میں سیاسی جماعتوں سے ان کی قیادت چھیننے کی کوشش کی گئی۔ اس کوششیں کامیاب نہیں ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت کسی عہدے کی محتاج نہیں، پارلیمنٹ کے فیصلوں کی بھی کوئی توقیر ہونی چاہیے، پارلیمنٹ میں سب کو اس معاملے پر سو جوڑ کر بیٹھنا چاہیے۔