پی ایس 99 کو کراچی کا سب سے خوشحال حلقہ بنادونگا،حلیم عادل شیخ

بدھ جون 21:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 جون2018ء) تحریک انصاف کے رہنما و پی ایس 99 کے امیدوار حلیم عادل شیخ نے کہاہے کہ اس حلقے کی تباہی میں بھی وہ ہی پرانے چور ملوث ہیں جو گزشتہ کئی دہائیوں سے قومی خزانے پر ہاتھ صاف کررہے ہیں،یہ ہی وجہ ہے کہ پاکستان کے غریب اور بے بس عوام آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں،،کراچی کے عوام بجلی اور پانی کو ترس گئے ہیں،بھلا ان چور اور لٹیروں کی موجودگی میں ملک کیسے ترقی کرسکتاہے ، لوگ اب باشعور ہوچکے ہیں دیکھیں گے کہ اب پیپلزپارٹی والے کس منہ سے عوام سے ووٹ مانگنے آئینگے۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے احسن آباد سیکٹر نمبر 3 میں جلسے سے خطاب کے دوران کیا اس موقع پر علاقہ معززین و سماجی شخصیت سردار پانہوسنگھ اور بھگوان سنگھ نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ، سکھ برادری کے رہنمائوں کی جانب سے حلیم عادل شیخ کی کامیابی کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی گئی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر این ۱ی242کے امیدوار سیف الرحمان ، تحریک انصاف کے رہنما خان بہادر شر ،بشیرسوڈھر،آغا زوالفقار ،فہیم لغاری،حبیب آقا خیل ،شاہد ٹالپر،سرورمعروج،منیر احمد،فداجونیجو،وارڈصدرنبی احمد،گلاب خان اور دیگر نے اپنے اپنے خیالات کااظہار کیا،اپنے خطاب میں پی ایس 99 میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ افسوس آج پورے کراچی کی طرح اس حلقے کی عوام بھی بجلی پانی اور دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ، انہوںنے کہاکہ کراچی میں دوبڑی جماعتوں کے جھگڑے الیکشن قریب آتے ہی شروع ہوجاتے ہیں جبکہ انتخابات کے بعد یہ دونوں جماعتیں مل کر عوام کا خون چوستے ہیں ۔

عوام شدید گرمی اور روزے کی حالت میں برتن اٹھائے مارے مارے پھر رہے ہیں جس کا ان حکمرانوں کو کوئی فرق نہیں پڑتاہے ، انہوںنے کہاکہ سندھ کے حکمرانوں نے کبھی عوام کا خیال نہیں کیاہے کراچی کی عوام کو ہرطرح کی بدحالی سے دوچار کرنے کی ذمہ دارسندھ کے حکمران ہیں ۔