Live Updates

لیگی حکومت کے اختتام سے قبل اہم عہدوں پر تقرریاں،تحریک انصاف نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور چیف الیکشن کمشنر کو خطوط ارسال کردیئے

انتخابات کا غیر جانبدارانہ، منصفانہ اور ہر لحاظ سے شفاف انعقاد الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے،چیف الیکشن کمشنر ان تمام عوامل پر نگاہ رکھیں جو کسی طور انتخابات کی ساکھ پر اثر انداز ہو سکتے ہیں، متن

بدھ 6 جون 2018 21:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف نے مسلم لیگ (ن ) کی حکومت کے اختتام سے قبل اہم عہدوں پر تقرریوں کے معاملے پر سیکرٹری اسٹبلشمنٹ اور چیف الیکشن کمشنر کو الگ الگ خطوط ارسال کردیئے ہیں۔یہ خطوط مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چودھری کی جانب سے تحریر کیے گئے ہیں۔ خطوط میں سیکرٹری اسٹبلشمنٹ سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے آخری دو ہفتوں میں کی جانیوالی تقرریوں کی فہرست فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔

خطوط میں کہا ہے کہ سیکرٹری اسٹبلشمنٹ وفاقی حکومت کے ماتحت اداروں میں گریڈ 21اور 22میں کی جانیوالی تقرریوں کی جامع فہرست فراہم کرے۔انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کے نام خط میں ان تقرریوں کا نوٹس نہ لینے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف نے 29مئی کے خط میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور لاء افسران کی تقرریوں کا معاملہ اٹھایا تھا۔الیکشن کمیشن کی عدم کارروائی کے باعث سابق وزیراعلی پنجاب اور وزیراعظم نے اہم عہدوں پر دھڑا دھڑتقرریاں کیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کا غیر جانبدارانہ، منصفانہ اور ہر لحاظ سے شفاف انعقاد الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے۔چیف الیکشن کمشنر پر لازم ہے کہ وہ ان تمام عوامل پر کڑی نگاہ رکھیں جو کسی طور انتخابات کی ساکھ پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔چیف الیکشن کمشنر معاملے کی اہمیت اور نزاکت کے پیش نظر مداخلت اور تقرریوں کی پڑتال کریں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات