اینٹی کرپشن پولیس کا جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں چھاپہ

4لاکھ روپے رشو ت لیتے ہوئے ڈی ایف سی ساہیوال کو رنگے ہاتھو ں گرفتارکرلیا

بدھ 6 جون 2018 22:08

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2018ء) اینٹی کرپشن پولیس نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں کامیاب چھاپہ مارکر 4لاکھ روپے رشو ت لیتے ہوئے ڈی ایف سی ساہیوال کو رنگے ہاتھو ں گرفتارکرلیا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ خوراک ساہیوال کا اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر گذشتہ سال 2017-018 میں غازی آباد سنٹر پر تعینات تھا اور گزشتہ سال کی ایک لاکھ10ہزار بوریاں گندم سٹاک تھیں۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ساہیوال محمد فیصل شریف نے رانا خالد اکرم کو مذکورہ سنٹر سے تبدیل کرنے کیلئے کہا تو رانا خالد اکرم نے انہیں بتایا کہ گزشتہ سکیم کی 1لاکھ20ہزار بوریاں وہاں سٹاک ہیں جس کی دیکھ بھال اس کی ذمہ داری ہے جس پر ضلعی افسر خوراک نے اسے مال پانی دینے کیلئے مجبور کیا اور 5لاکھ20ہزارروپے میں معاملہ طے کرکے 4لاکھ روپے مقامی ہوٹل میںافطار کے موقع پر دینے کو کہا۔

اس دوران رانا خالد اکرم نے اینٹی کرپشن حکام کو آگاہ کردیا اور اینٹی کرپشن سرکل آفیسر تقی عباس اختر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جوڈیشل مجسٹریٹ حماد رضا کی نگرانی میں فائیو ویز چوک کے قریب چھاپہ مارکر 4لاکھ روپے نقد ی برآمد کرکے رنگے ہاتھوں گرفتارکرلیا۔پولیس تھانہ اینٹی کرپشن نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔