Live Updates

جمعتہ الوداع کو یوم القدس جوش و جذبہ سے منائینگے،متحدہ علماء محاذ

بیت المقدس پراسرائیلی قبضہ و امریکی سفارت خانہ کسی طور قبول نہیں،القدس سیمینار سے اسد اللہ بھٹو،علامہ مرزایوسف حسین،جعفرتھانوی،علامہ اظہر ہمدانی،مولانا امین انصاری ودیگر کا خطاب

بدھ 6 جون 2018 22:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2018ء) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر بیت المقدس پر صیہونی غاصبانہ قبضہ اور امریکی سفارت خانہ کے قیام کے خلاف 11واں سالانہ القدس سیمینار مرکزی صدر علامہ مرزا یوسف حسین کی زیر صدارت ABCلان نارتھ ناظم آباد میں منعقد ہوا۔ جس کے مہمانان خصوصی جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر اسد اللہ بھٹو،مسلم لیگ علماء مشائخ ونگ کے رہنما علامہ سید اظہر علی ہمدانی ،ممتاز عالم دین مولاناجعفر الحسن تھانوی تھے،سیمینار میں شریک مختلف مکاتب فکرکے جید علماء مشائخ اور مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنمائوںنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قبلہ اول بیت المقدس پرصیہونی غاصبانہ قبضہ اور امریکی سفارت خانہ کا قیام مسلم حکمرانوں اور اسلامی فوجی اتحاد کے لئے کھلا چیلنج اور تازیانہ ہے ۔

(جاری ہے)

فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہے نام نہاداسرائیلی ریاست کسی طور قبول نہیں کی جاسکتی ۔کل جمعتہ الوداع کو یوم القدس جوش و جذبہ کے ساتھ منائیں گے اس موقع پر مساجد کے باہراحتجاجی مظاہرے اور امریکی و اسرائیلی پرچم نذرآتش کئے جائینگے۔ امام خمینی ؒ کا یوم القدس منائے جانے کا جرأت مندانہ اقدام قابل تقلید و ستائش ہے ۔مسلم حکمراں قبلہ اول کی بازیابی کے لیے مشترکہ اسلامی فوج تشکیل دیں۔

اقوام متحدہ جانبدارانہ رویہ چھوڑ کر ظالم جابر ،غاصب اسرائیل کی رکنیت معطل کرے ۔نہتے مظلوم فلسطینیوں پر انسانیت سوز وحشیانہ اسرائیلی مظالم عالمی انسانی ضمیر جھنجوڑنے کے لیے کافی ہے ۔سیمینار سے جمعیت علماء پاکستان کے علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی ،جمعیت اہلحدیث کے مرکزی رہنما ممتاز عالم دین علامہ اختر محمدی ،متحدہ علماء محاذ کے چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی،پیپلز پارٹی کے سہیل عابدی،تحریک انصاف کے اسرار عباسی ،فلسطین فاؤنڈیشن کے ابومریم صابر کربلائی ،مسلم لیگ قیوم کے سید اظہر عباس زیدی ،پاکستان پیپلزپارٹی کے علامہ شاہ فیروز الدین رحمانی،جماعت اسلامی کے برجیس احمد،مرکزی جمعیت اہلحدیث العالمی کے علامہ مرتضی خان رحمانی ،جے یو پی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات محمدشکیل قاسمی ،مسلم لیگ (ق) کے سیدانور شاہ کشمیری ،ایم یو ایم کے مرکزی نائب صدر اور شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنماخطیب اہلبیت علامہ علی کرار نقوی،نظام مصطفی پارٹی جماعت اہلسنت کے رہنماخطیب اہلسنت علامہ شاہدین اشرفی،جامعہ دارالعلوم کراچی کورنگی کے فاضل اور پیپلزپارٹی علماء مشائخ ونگ کے رہنما مولانا مفتی وجیہہ الدین، اہلسنت رابطہ کونسل کے صدر مسرور ہاشمی،سبزواری ٹرسٹ کے چیئرمین علامہ جہانزیب سبزواری،ممتاز پیرفراست علی قادری،اسلامی یکجہتی کونسل اور کشمیر یوتھ فریڈم کے رہنما مولانا انس عباسی،حافظ سید عاصم بخاری نے شرکت و خطاب کیا جبکہ سواد اعظم اہلسنت یوتھ فورس کراچی کے صدر حافظ گل نواز کی تلاوت قرآن کریم سے القدس سیمینار کا آغاز کیاگیا۔

معروف نعت و منقبت خواں سید معاذ علی نظامی، روحانی میڈیا سیل کے رہنما قاری انوار حمیدی، قاری حسین الدین شاہ رحمانی اور قاری محمد ابراہیم چترالی نے حمد و نعت اور فلسطینی مسلمانوں کے حق میں دلسوز نظمیں پیش کیں۔ علامہ عبدالخالق فریدی نے ملکی امن و استحکام و خوشحالی کیلئے اختتامی دعا کرائی۔ قبل ازیں علامہ مرزایوسف حسین نے اپنے صدارتی خطاب میں مسلم حکمرانوں کو جھجوڑتے ہوئے کہاکہ اپنے مفاد کیلئے تو کئی اتحاد بنالئے جاتے ہیں لیکن قبلہ اول کی بازیابی اور فلسطینی مسلمانوں کو اسرائیلی وحشیانہ مظالم سے بچانے کیلئے کوئی احساس نہیں ۔

تاریخ اسلام مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت و کوتاہی کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔القدس سیمینار کے مہمان خصوصی جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر مولانا اسد اللہ بھٹو نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہے اس پر صیہونی غاصبانہ قبضہ کسی طور قبول نہیں اسرائیلی ناپاک حکومت کے وجود کو کسی قیمت پر تسلیم نہیں کیاجاسکتا۔

متحدہ علماء محاذ کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری نے القدس سیمینار میں امریکی سفارتخانے کے شیطانی قیام اور قبلہ اول پر صیہونی غاصبانہ قبضہ اور نہتے مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر انسانیت سوز وحشیانہ مظالم کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کرائیں اور 23رمضان جمعتہ الوداع کو کراچی سمیت راولپنڈی اسلام آباد، لاہور، حیدرآباد، سکھرسمیت پورے ملک میں یوم القدس جوش و جذبے کے ساتھ منائے جانے کا متفقہ اعلان کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات