کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کی وارڈ4کے علاقوں عزیز آباد،مغل آباد میں پانی بحران شدت اختیارکرگیا

عوام پانی کی بوند بوند کو ترسنے لگے، متعلقہ حکام سے صورتحال کا نوتس لینے کا مطالبہ

بدھ 6 جون 2018 22:20

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2018ء) کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کی وارڈ4کے علاقوں عزیز آباد،مغل آباد میں شدید گرمی اور ماہ رمضان میں پانی بحران شدت اختیارکرگیا،عوام پانی کی بوند بوند کو ترسنے لگے،کنٹونمنٹ بورڈ کاواٹرسپلائی عملہ امتیازی سلوک برتنے لگا ان علاقوں کا پانی کھولا ہی نہیں جاتا گزشتہ چار،پانچ ماہ سے یہاں کے عوام انتہائی کرب سے گزررہے ہیں پانی بحران کی وجہ سے علاقہ کربلا کا منظرپیش کررہا ہے،مغل آباد مسجد میں اعتکاف میں بیٹھے 16 افراد گزشتہ روزپانی کی قلت کی وجہ سے نمازمغرب پڑھنے سے محروم رہے ،اسٹیشن کمانڈر کینٹ،سی او متعلقہ حکام ،ممبر کینٹ بورڈ سے پرزوراپیل کرتے ہیں کہ علاقے میں پانی کی بندش کا مسئلہ حل کیا جائے بصورت دیگر یہاں کے عوام احتجاج پر مجبورہوجائیں گے اور کنٹونمنٹ بورڈ دفاترکا گھیرائو بھی کرینگے ان خیالات کااظہاراہلیان عزیزآباد،مغل آباد ملک اخلاق احمد،حاجی طارق،عبدالحمید مغل،چوہدری شکیل،چوہدری لال ودیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا،اہلیان علاقہ نے کہا کہ مہنگے داموں پانی کے ٹینکر خرید کرگزارا کررہے ہیں کنٹونمنٹ بورڈ واٹرسپلائی کا عملہ شکایا ت کے باوجود مسئلہ حل کرنے میں سنجیدہ نظرنہیں آرہا بارہا درخواستیں دینے کے باوجود پانی کی قلت کے خاتمے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہماری مائیں بہنیں بچے پانی کی تلاش میں دن بھر ادھر ادھر خوار ہوتے رہتے ہیں روزہ رکھ کر شدید گرمی میں پانی کی تلاش میں مارے مارے پھرنا پڑتا ہے غریب لوگ ہیں روزرو ز پانی کے ٹینکر بھی نہیں منگواسکتے ،کنٹونمنٹ بورڈ کے اعلی حکام اس مسئلے کی طرف فوری توجہ دیکر اسے حل کرائیں بصورت دیگر وارڈ4کی تمام عوام کنٹونمنٹ بورڈ آفس کے باہر احتجاج کرنے اوردھرنا دینے پر مجبور ہوجائیگی۔

متعلقہ عنوان :